ہندوستان آج انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا پہلا ون ڈے، چیمپئنز ٹرافی سے قبل اہم سیریز

چیمپئنز ٹرافی سے قبل یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے اہم ہے۔ روہت کی قیادت والی ٹیم میں وراٹ کوہلی، کے ایل راہل اور محمد شامی جیسے تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں، جبکہ بمراہ ابتدائی 2 میچوں سے باہر رہیں گے

<div class="paragraphs"><p>ٹیم انڈیا / آئی اے این ایس</p></div>

ٹیم انڈیا / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔ پہلا میچ مہاراشٹر کے ناگپور میں واقع ودربھ کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کا آغاز دوپہر 1:30 بجے ہوگا۔ چیمپئنز ٹرافی سے قبل یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے بے حد اہم سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ اس سے ان کے تال میل اور تیاریوں کو پرکھنے کا موقع ملے گا۔

ہندوستانی ٹیم کی قیادت روہت شرما کر رہے ہیں، جبکہ ان کے ساتھ وراٹ کوہلی، کے ایل راہل اور محمد شامی جیسے تجربہ کار کھلاڑی بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔ یہ تمام کھلاڑی گزشتہ سال ہندوستان میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کا حصہ تھے، جہاں ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھائی تھی لیکن فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔


پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں ہندوستانی ٹیم کو جیت کا مضبوط دعویدار مانا جا رہا ہے، کیونکہ اسکواڈ میں زیادہ تر وہی کھلاڑی شامل ہیں جنہوں نے گزشتہ ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ ایسے میں انگلینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی یہ سیریز ہندوستان کے لیے چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے لحاظ سے نہایت اہم ہے۔

تاہم، ہندوستانی ٹیم کو ایک بڑا جھٹکا اس وقت لگا جب فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو چوٹ کی وجہ سے ابتدائی دو میچوں سے باہر ہونا پڑا۔ کپتان روہت شرما نے بدھ کو بتایا کہ بمراہ کے مزید اسکین ہوں گے، جس کے بعد ان کے تیسرے ون ڈے اور چیمپئنز ٹرافی میں کھیلنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔


انگلینڈ نے پہلے ون ڈے کے لیے اپنی پلئینگ الیون کا اعلان کر دیا ہے، جس میں بین ڈکیٹ، فل سالٹ (وکٹ کیپر)، جو روٹ، ہیری بروک، جوس بٹلر (کپتان)، لیام لیونگ اسٹون، جیکب بیتھل، بریڈن کارس، جوفرا آرچر، عادل رشید اور ثاقب محمود شامل ہیں۔

سیریز کا دوسرا ون ڈے 9 فروری کو اوڈیشہ کے کٹک میں باراباتی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے 12 فروری کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔