ٹیم انڈیا: کوچ کے لئے 6 ناموں میں روی شاستری بھی شامل

ہندوستانی ٹیم کے کوچ کے عہدے کے لئے جن چھ افراد کو منتخب کیا گیا ہے ان میں مائیک ہیسن، ٹام موڈی، رابن سنگھ، لال چند راجپوت، فل شمون اور موجودہ کوچ روی شاستری کے نام شامل ہیں۔

روی شاستری، ہندوستانی کوچ
روی شاستری، ہندوستانی کوچ
user

یو این آئی

ممبئی: ہندستان کے سابق کپتان کپل دیو کی قیادت والی کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی (سی اے سی) ہندوستانی ٹیم کے نئے کوچ کے لئے جمعہ کو بی سی سی آئی کے صدر دفتر میں چھ امیدواروں کا انٹرویو لے گی۔

ہندوستانی ٹیم کے کوچ کے عہدے کے لئے جن چھ افراد کو منتخب کیا گیا ہے ان میں مائیک ہیسن، ٹام موڈی، رابن سنگھ، لال چند راجپوت، فل شمون اور موجودہ کوچ روی شاستری کے نام شامل ہیں۔ پیر کو ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے اس عہدے کے لئے چھ لوگوں کے نام منتخب کیے تھے جنہیں انٹرویو کے دن اور وقت کی جانکاری دے دی گئی ہے۔ بی سی سی آئی کے پاس ٹیم کی مختلف کوچز کے لئے کل 2000 درخواست آئی تھیں جس کے بعد انہوں نے چیف کوچ کے لئے چھ لوگوں کے نام منتخب کیے ہیں۔ ٹیم کے کھیل اسٹاف (بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کوچ) کا انتخابات چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد کریں گے۔ اگرچہ ہندوستانی ٹیم کے کوچ کے لئے فی الحال موجودہ کوچ روی شاستری کا نام سب سے آگے چل رہا ہے۔ شاستری ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کی بھی پسند ہیں ایسے میں ان کا پلڑا باقی لوگوں سے بھاری ہے۔


قابل ذکر ہے کہ شاستری کو ٹیم کے ساتھ معاہدہ عالمی کپ کے بعد ختم ہو گیا تھا لیکن انہیں ویسٹ انڈیز دورے تک کے لئے 45 دنوں کی توسیع دی گئی تھی۔ سی اے سی میں کپل کے علاوہ سابق ہندوستانی اوپنر انشمن گايكواڈ اور خاتون کرکٹر شانتا رگوسوامی بھی شامل ہیں۔ سی اے سی ٹیم کے نئے کوچ کے لئے کپتان وراٹ کوہلی کی رائے کو بھی سنجیدگی سے لے سکتی ہے جبکہ ویسٹ انڈیز میں موجود شاستری کا انٹرویو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے لیا جائے گا۔ شاستری کے علاوہ کوچ کے عہدے کے لئے آسٹریلیا کے سابق آل راؤنڈر موڈی بھی دوڑ میں شامل ہیں۔ موڈی گزشتہ چھ برسوں سے آئی پی ایل کی فرنچائز سنرائزرس حیدرآباد کے کوچ تھے اور ان کے کوچ رہتے ہی ٹیم نے 2016 میں اس کا خطاب جیتا تھا اور 2018 کے آئی پی ایل کی رنر اپ بنی تھی۔

کوچ کے دعویداروں میں راجپوت اس وقت تک زمبابوے ٹیم کے کوچ ہیں۔ وہ اس سے پہلے ہندوستان، ہندوستان اے اور افغانستان کی ٹیم کے بھی کوچ رہ چکے ہیں۔ راجپوت کی قیادت میں ہی ہندوستان نے سال 2007 میں پہلے ٹوئنٹی -20 ورلڈ کپ کا خطاب جیتا تھا۔ رابن آئی پی ایل کی فاتح ٹیم ممبئی انڈینس کے اسسٹنٹ کوچ ہیں۔ اس کے علاوہ وہ 2007 سے 2009 تک ہندوستانی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ مائیک 2012 سے 2018 تک عالمی کپ کی رنر اپ ٹیم نیوزی لینڈ کے کوچ رہے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے سابق اوپنر شمون اس سال انگلینڈ میں ہوئے آئی سی سی ورلڈ کپ میں افغانستان ٹیم کے کوچ تھے۔


شاستری کے ساتھ ان کے اسپورٹ اسٹاف میں اس وقت بلے بازی کوچ کی حیثیت سے سنجے بانگڑ، بولنگ کوچ کی حیثیت سے بھرت ارون اور فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے آر سریدھر شامل ہیں۔ ان چاروں کو ہی نئے انتخابات کے عمل میں خود کار طریقے سے اندراج مل گیا۔ شاستری کی طرح ارون بھی اپنے عہدے پر بنے رہنے کے دعویدار ہیں جبکہ سریدھر کو دنیا کے بہترین فیلڈر جنوبی افریقہ کے جونٹی روڈس سے سخت چیلنج مل سکتا ہے۔ بیٹنگ کوچ کے لئے بانگڑ کے سامنے پروین آمرے، وکرم راٹھور اور جے ارون کمار کا چیلنج رہے گا۔

یہ تینوں گھریلو اور آئی پی ایل کی سطح پر کوچنگ سے جڑے رہے ہیں۔ اسپورٹ اسٹاف کا انتخاب بی سی سی آئی کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ایم ایس کے پرساد کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */