میلبورن ٹیسٹ میں ٹیم انڈیا کی 184 رنوں سے شکست، جیسوال کو آؤٹ دینے کے تھرڈ امپائر کے فیصلہ پر تنازعہ
340 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری ٹیم انڈیا صرف 155 رن بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ روہت-کوہلی نے کرکٹ شائقین کو ایک بار پھر مایوس کیا۔ آسٹریلیا نے سیریز میں 1-2 سے آگے ہو گئی ہے۔

تصویر 'ایکس'
میلبورن ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو 184 رنوں کے بڑے فرق سے شکست دے دی ہے۔ ٹیسٹ کے پانچویں دن 340 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری ٹیم انڈیا صرف 155 رن بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ آخری سیشن جب شروع ہوا تھا تو اس وقت ہندوستان کے 7 وکٹ باقی تھے جبکہ جیسوال اور پنت شاندار بلے بازی کر رہے تھے۔ ایسا لگ رہا تھا کہ مقابلہ آسانی سے ڈرا ہو جائے گا لیکن آسٹریلیا گیندبازوں نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور آخری سیشن کے ختم ہونے سے کافی پہلے ہی ہندوستان کے ساتوں وکٹ جھٹکتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کرلی۔ اس جیت کے ساتھ آسٹریلیا سیریز میں 1-2 سے آگے ہو گیا ہے۔
حالانکہ میچ کے دوران تھڑد امپائر کے ایک متنازعہ فیصلے سے ہندوستانی ٹیم کو زبردست جھٹکا لگا اور میچ بچانے کی اس کی ساری امیدیں ختم ہو گئیں۔ دراصل جب یشسوی جیسوال 208 گیندوں میں 84 رن بناکر شاندار بلے بازی کر رہے تھے تو اسی دوران انہوں نے کمنس کی ایک گیند پر شاٹ لگایا جس پر آسٹریلیائی ٹیم نے کیچ کی اپیل کی لیکن میدان میں موجود امپائر نے اسے خارج کر دیا۔ اس کے بعد آسٹریلیا نے ریویو لیا۔ ریویو میں حالانکہ اسنکو میٹر میں کوئی ہلچل نظر نہیں آئی لیکن پھر بھی تھرڈ امپائر نے جسیوال کو آؤٹ قرار دے دیا۔ اس فیصلے سے جیسوال اور پورے اسٹیڈیم میں موجود ہندوستانی شائقین کافی ناراض دکھائی دیے۔ کمینٹری بکس میں بیٹھے گواسکر نے بھی تھرڈ امپائر کے اس فیصلے کو ضابطے کے خلاف بتایا۔ لیکن امپائر کا فیصلہ آخری فیصلہ ثابت ہوا۔
اس سے قبل آج صبح جسپریت بمرہ نے لائن کو اپنا پانچواں شکار بناتے ہوئے آسٹریلیائی ٹیم کو 234 رنوں پر سمیٹ دیا۔ اس کے بعد 341 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے ٹیم انڈیا کی شروعات کافی سست رہی۔ روہت شرما اور یشسوی جیسوال نے 16 اوور میں صرف 25 رن بنائے۔ روہت کو کمنس نے 9 رنوں پر اپنا شکار بنایا۔ اس کے بعد اسی اوور میں کے۔ایل۔ راہل بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین چلتے بنے۔ ہندوستانی ٹیم کو سب سے بڑا جھٹکا اس وقت لگا جب کوہلی صرف 5 رن بناکر مشیل اسٹارک کی گیند پر خواجہ کو کیچ تھما بیٹھے۔ اس طرح لنچ تک ٹیم انڈیا کے 3 کھلاڑی صرف 33 رن پر ہی آؤٹ ہو گئے تھے۔
3 وکٹ گرنے کے بعد یشسوی جیسوال اور رشبھ پنت نے مل کر پاری کو سنبھالا اور چوتھے وکٹ کے لیے بے حد اہم 88 رن جوڑے۔ اس دوران دونوں بلے بازوں نے کئی خوبصورت شاٹس لگائے۔ یشسوی نے میچ میں لگاتار اپنی دوسری نصف سنچری بنائی۔ رشبھ پنت بھی پوری طرح سیٹ ہو چکے تھے لیکن ٹریوس ہیڈ کی ایک گیند پر بڑا شاٹ لگانے کے چکر میں 30 رن بنا کر وہ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے فوراً بعد جڈیجہ (2) اور پہلی پاری میں سنچری بنانے والے نتیش ریڈی (1) بھی آؤٹ ہو کر پویلین واپس ہو گئے۔
نتیش ریڈی کے چھٹے وکٹ کے طور پر آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا بڑی مشکل میں پھنس گئی اور ٹیسٹ ڈرا کرانے کی ساری ذمہ داری یشسوی جیسوال اور واشنگٹن سندر پر آ گئی۔ دونوں بلے بازوں نے کچھ دیر تک مزاحمت کی لیکن پھر تھرڈ امپائر کے ایک متنازعہ فیصلے نے ہندوستان کی شکست کو یقینی بنا دیا۔ آکاش دیپ، جسپریت بمرہ اور محمد سراج بغیر کوئی تعاون دیے آؤٹ ہوکر چلتے بنے جبکہ دوسرے چھوڑ پر کھڑے سندر صرف یہ نظارہ دیکھتے رہے۔ آسٹریلیا کی طرف سے اسکاٹ بولینڈ اور پیٹ کمنس نے 3-3 وکٹ لیے جبکہ نیتن لائن نے 2 اور اسٹارک اور ہیڈ نے 1-1 وکٹ لیے۔ سیریز کا آخری ٹیسٹ 3 جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔