ہمالیائی اسکور کے باوجود ہاری ٹیم انڈیا، ٹیلر کی شاندار سنچری سے نیوزی لینڈ فاتح

ٹیلر نے 84 گیندوں میں 10چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 109رن کی اننگز کھیلی، جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے 48 اعشاریہ ایک اوور میں چھ وکٹ پر 348 رن بنا کر میچ جیت لیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہیملٹن: جارح بلے باز راس ٹیلر کی ناقابل شکست 109رن کی شاندار سنچری اور سلامی بلے باز ہنری نکولس (78) اور کپتان ٹام لاتھم (69) کی بہترین نصف سنچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو پہلے ایک روزہ میچ میں بدھ کے روز چار وکٹ سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 0۔1 کی سبقت حاصل کرلی۔

نیوزی لینڈ نے ٹی ۔20 سیریز میں 0۔5 کی شکست کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ون ڈے سیریز میں شاندار شروعات کی اور ہندوستان کے بڑے اسکور کوحاصل کرلیا۔ ہندوستان نے شریئس ائیر (103) کی سنچری اور وکٹ کیپر لوکیش راہل (ناٹ آؤٹ 88) اور کپتان وراٹ کوہلی (51) کی نصف سنچریوں سے چار وکٹ پر 347 رن کا بڑا اسکور بنایا۔ لیکن ہندوستانی گیند بازوں کی بے سمت گیندبازی کی وجہ سے اس اسکور کا دفاع نہیں کیا جاسکا۔


ٹیلر نے 84 گیندوں میں 10چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 109رن کی اننگز کھیلی، جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے 48 اعشاریہ ایک اوور میں چھ وکٹ پر 348 رن بنا کر میچ جیت لیا۔ ٹیلر کو ان کی ناٹ آؤٹ سنچری کی وجہ سے مین آف دی میچ قرار دیا گیا ہے۔

قبل ازیں، شریئس ائیر (103) کی بہترین سنچری، لوکیش راہل ناٹ آؤٹ (88) اور کپتان وراٹ کوہلی (51) کی نصف سنچریوں کے دم پر ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں بدھ کو چار وکٹ پر 347 رنز کا ہمالیائی اسکور بنایا۔


ٹاس ہار کر بلے بازی کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کی جانب سے شریئس نے 107 گیندوں پر ایک چھکا اور 11 چوکوں کی مدد سے اپنا پہلا بین الاقوامی ون ڈے سنچری بناتے ہوئے 103 رن بنائے۔ ٹی -20 سیریز میں اوپننگ کرنے کے بعد ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پانچویں نمبر پر بلے بازی کرنے اترے راہل نے اپنی لاجواب فارم کو برقرار رکھتے ہوئے 64 گیندوں کی اننگز میں چھ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے تابڑ توڑ 88 رن لگائے۔ راہل اور شريئس کے درمیان چوتھے وکٹ کے لئے 136 رنز کی بڑی شراکت کی۔

روہت شرما اور شکھر دھون کی غیر موجودگی میں اوپن کرنے اترے مینک اگروال اور پرتھوی شا نے ہندوستان کو بہترین شروعات دلائی اور دونوں نے پہلی وکٹ کے لئے 50 رن کی شراکت کی۔ پرتھوی شا کچھ خاص نہیں کر سکے اور 20 رن بنا کر کولن ڈی گرینڈ هوم کا شکار بنے۔


نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 10 اوور میں 85 رن دے کر سب سے زیادہ دو وکٹ، گرینڈهوم نے آٹھ اوور میں 41 رن دے کر ایک وکٹ اور ایش سوڈھی نے اپنے چار اوورز میں 27 رنز دے کر ایک وکٹ لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔