ٹیم انڈیا کے پاس فائنل میں پہنچنے کا موقع، آج سری لنکا سے ہوگا مقابلہ

ایشیا کپ میں سپر-4 کے اہم میچ میں آج ہندوستان کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔ اگر ٹیم انڈیا جیت جاتی ہے تو وہ فائنل میں پہنچ جائے گی۔ ٹیم انڈیا نے سپر-4 کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو کراری شکست دی ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر ایکس</p></div>

تصویر ایکس

user

قومی آوازبیورو

کولمبو: ایشیا کپ میں سپر فور کے ایک اہم میچ میں ہندوستان کا مقابلہ آج 12 ستمبر (منگل) کو سری لنکا سے ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں میں ہندوستانی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے سے کھیلا جائے گا۔ میچ میں ہندوستانی ٹیم کی کپتانی روہت شرما کے ہاتھ میں ہوگی جبکہ سری لنکن ٹیم کی کپتانی داسن شناکا کریں گے۔

ہندوستانی ٹیم نے سپر فور کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو 228 رنز سے شکست دی تھی۔ جبکہ سری لنکا نے سپر فور کے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو 21 رنز سے شکست دی تھی۔ اگر روہت شرما کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم یہ میچ جیت جاتی ہے تو وہ فائنل میں پہنچ جائے گی۔


ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے اس میچ میں خراب موسم کی وجہ سے خلل پڑ سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، آج کولمبو میں مطلع دن بھر ابر آلود رہے گا اور بارش بھی ہو سکتی ہے۔ مطلع دن بھر ابر آلود رہنے کا 95 فیصد امکان ہے اور بارش کا امکان 84 فیصد ہے۔ تاہم، جیسے جیسے دن بڑھتا ہے، بارش کی پیشن گوئی 55 فیصد تک کم ہو سکتی ہے۔

کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم کی پچ شروع میں تیز گیند بازوں کی مدد کرتی ہے۔ اگر تیز گیند باز نئی گیند کے ساتھ اچھی لائن پر گیند بازی کرتے ہیں تو بلے بازوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جیسے جیسے کھیل آگے بڑھتا ہے، اسپنرز یہاں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اگر کوئی بلے باز یہاں کی پچ پر بیٹھ جائے تو وہ بڑی اننگز کھیل سکتا ہے۔ وراٹ کوہلی اور کے ایل راہل نے پاکستان کے خلاف میچ میں یہ دکھایا تھا۔


ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کل 165 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ ان میں سے ہندوستان نے 96 جیتے، جب کہ سری لنکا نے 57 جیتے۔ 11 میچوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا اور ایک میچ ٹائی پر ختم ہوا۔ ایشیا کپ کے ون ڈے فارمیٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان تقریباً مساوی مقابلہ رہا ہے۔ ایشیا کپ کے ون ڈے فارمیٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان 19 میچز کھیلے گئے جن میں سے 9 میچز ہندوستان نے جیتے جبکہ سری لنکا نے 10 میچز جیتے۔

ہندوستانی اسکواڈ: روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، وراٹ کوہلی، شریئس ایر، ایشان کشن، سوریہ کمار یادو، کے ایل راہل، ہاردک پانڈیا (نائب کپتان)، جسپریت بمراہ، رویندرا جڈیجہ، شاردول ٹھاکر، اکسر پٹیل، کلدیپ یادو، تلک ورما، پرسید کرشنا، محمد شامی اور محمد سراج۔

سری لنکن اسکواڈ: پاتھم نسانکا، دیموتھ کرونارتنے، کوسل مینڈس (وکٹ)، سدیرا سماراویکراما، چرت اسالنکا، دھننجے ڈی سلوا، داسن شاناکا (کپتان)، دونتھ ویلاج، مہیش تیکشنا، کاسن راجیتھا، میتھیشا پتھیرانا، کوسل پریرا، بینورا فرنانڈو، پرمود مدوشن، موشان ہیمنتھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔