ٹی-20 عالمی کپ: دو مرتبہ کی عالمی چمپئن ویسٹ انڈیز سپر-12 کے لیے نہیں کر پایا کوالیفائی، آئرلینڈ سے ملی شکست

آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 20 اوور میں 146 رن پر روک دیا، اور پھر 17.3 اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر ہی 150 رن بنا ڈالے، اس تاریخی فتح کے ساتھ آئرلینڈ سپر-12 میں پہنچ گیا۔

آئرلینڈ کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کو شکست دینے کے بعد
آئرلینڈ کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کو شکست دینے کے بعد
user

قومی آوازبیورو

گیریتھ ڈیلانی (16 رن پر 3 وکٹ) کی خطرناک گیندبازی اور سلامی بلے باز پال اسٹرلنگ (ناٹ آؤٹ 66 رن) کی شاندار نصف سنچری سے آئرلینڈ نے دو بار کے سابق چمپئن ویسٹ انڈیز کو جمعہ کو آخری گروپ بی کوالیفائنگ مقابلے میں یکطرفہ انداز میں 15 گیند باقی رہتے 9 وکٹ سے شکست دے کر آئی سی سی ٹی-20 عالمی کپ کے سپر-12 میں جگہ بنا لی۔

آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 20 اوور میں 6 وکٹ پر 146 رن پر روکنے کے بعد 17.3 اوور میں ایک وکٹ پر 150 رن بنا کر تاریخ کی سب سے حیران کرنے والی جیت حاصل کر لی۔ ویسٹ انڈیز نے 2012 اور 2016 میں دو بار خطاب جیتا تھا، لیکن اس بار ان کا کوالیفائنگ میں ہی بوریا بستر بندھ گیا۔


اپنا ساتواں ٹی-20 عالمی کپ کھیل رہے تجربہ کار اوپننگ بلے باز اسٹرلننگ نے اپنی ٹیم کے لیے اہم نصف سنچری پر مبنی اننگ تب کھیلی جب ٹیم کو اس کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔ انھوں نے اپنی اکیسویں ٹی-20 نصف سنچری بنائی۔ اسٹرلنگ نے 48 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 66 رن بنانے کے دوران 6 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ اسٹرلنگ نے کپتان اینڈی بالبرنی کے ساتھ پہلے وکٹ کے لیے 73 رن کی شراکت داری کی۔ بالبرنی نے 23 گیندوں پر 37 رن میں تین چوکے اور تین چھکے لگائے۔

اسٹرلنگ نے پھر لارکن ٹکر کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 77 رن کی میچ جتانے والی ناٹ آؤٹ شراکت داری کی۔ ٹکر نے 35 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 45 رن میں دو چوکے اور دو چھکے لگائے۔ آئرلینڈ نے جب میچ ختم کیا تب 15 گیند پھینکی جانی باقی تھیں۔ قابل ذکر ہے کہ آئرلینڈ ٹیم اپنی گزشتہ پانچ ٹی-20 عالمی کپ موجودگی میں ایک بار بھی پہلے راؤنڈ سے آگے نہیں بڑھ پائی تھی۔


بہرحال، اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی پاری میں برینڈن کنگ نے 48 گیندوں میں 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 62 رن بنائے تھے اور ٹیم کو 146 رن کے اسکور تک پہنچایا۔ جانسن چارلس نے 18 گیندوں میں 24 رن اور اوڈین اسمتھ نے 12 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 19 رن کا تعاون دیا۔

آئرلینڈ کی طرف سے ڈیلانی نے 16 رن پر تین وکٹ لے کر اپنی بہترین کارکردگی پیش کی۔ گیریتھ ڈیلانی کو ان کی بہترین گیندبازی کے لیے پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ آئرلینڈ نے اس مقابلے میں گیند اور بلے دونوں سے ہر لحاظ سے بہتر کارکردگی پیش کیا جب کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم دونوں شعبوں میں پیچھے رہی۔ آئرلینڈ کی یہ دوسری جیت رہی جب کہ ویسٹ انڈیز کو دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ویسٹ انڈیز اپنے پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ سے 42 رن سے شکست کھا گیا تھا۔ اسے دوسری شکست آئرلینڈ سے ملی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔