ٹی-20 ورلڈ کپ 2026: نیوزی لینڈ کو شکست دے کر تیسری بار خطاب پر قبضہ کرنے کے ارادے سے اترے گی ہندوستانی ٹیم
سوریہ کمار یادو کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم کے پاس تاریخ رقم کرنے کا بہترین موقع ہے۔ اگر ہندوستان یہ فائنل جیت جاتا ہے تو وہ ٹی-20 ورلڈ کپ ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کرنے والی پہلی ٹیم بن جائے گی۔
آئی سی سی مینز ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 کا فائنل میچ اتوار (8 مارچ) کو ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ مقابلہ احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں شام 7 بجے سے شروع ہوگا۔ سیمی فائنل میں ہندوستان نے انگلینڈ کو 7 رنوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی ہے، جبکہ نیوزی لینڈ جنوبی افریقہ کو ہرا کر فائنل میں داخل ہوا ہے۔
واضح رہے کہ 19 نومبر 2023 کو اسی میدان پر کھیلے گئے ونڈے ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو شکست دے کر کروڑوں ہندوستانی شائقین کا دل توڑ دیا تھا۔ اس روز کپتان روہت شرما سمیت پوری ہندوستانی ٹیم بہت زیادہ افسردہ تھی اور تقریباً 93 ہزار تماشائیوں سے بھرا اسٹیڈیم بھی خاموش ہو گیا تھا۔ حالانکہ ہندوستان نے 2024 میں ٹی-20 ورلڈ کپ جیت کر اس درد کو کچھ حد تک کم کیا تھا۔
اب سوریہ کمار یادو کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم کے پاس تاریخ رقم کرنے کا بہترین موقع ہے۔ اگر ہندوستان یہ فائنل جیت جاتا ہے تو وہ ٹی-20 ورلڈ کپ ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کرنے والی پہلی ٹیم بن جائے گی۔ ساتھ ہی ہندوستان تیسری بار یہ ٹرافی جیت سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان نے 2007 میں مہندر سنگھ دھونی اور 2024 میں روہت شرما کی کپتانی میں ٹی-20 ورلڈ کپ کا خطاب اپنے نام کیا تھا۔
نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ نیوزی لینڈ کے پاس فن ایلن، گلین فلپس اور کپتان سینٹنر جیسے کھلاڑی ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا رخ بدل سکتے ہیں۔ اگر ہندوستان کی بات کی جائے تو اس میچ میں ہندوستان کا سب سے بڑا ہتھیار تیز گیند باز جسپریت بمراہ ہو سکتے ہیں۔ ان کے 4 اوور کی گیند بازی فائنل مقابلے کا رخ طے کر سکتی ہے۔ سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف بمراہ نے شاندار گیند بازی کی تھی اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
ہندوستان کے لیے سب سے بڑا مسئلہ ہے سلامی بلے باز ابھیشیک شرما کا خراب فارم۔ ٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل وہ زبردست فارم میں تھے، لیکن ورلڈ کپ میں ان کی کارکردگی امید کے مطابق نہیں رہی ہے۔ اگر انہیں فائنل کی پلیئنگ الیون میں جگہ ملتی ہے تو نیوزی لینڈ کے آف اسپنر کول میک کونچی ان کے خلاف پاور پلے میں ہی گیند بازی کرتے ہوئے نظر آ سکتے ہیں۔ ابھیشیک شرما کے علاوہ اسپنر ورون چکرورتی بھی حالیہ میچوں میں متاثر کن کارکردگی نہیں دکھا سکے ہیں۔ ان کی ’مسٹری اسپن‘ اب بلے بازوں کو زیادہ پریشان نہیں کر پا رہی ہے۔ ایسے میں امکان ہے کہ فائنل میں ان کی جگہ کلدیپ یادو کو موقع دیا جا سکتا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 30 ٹی-20 مقابلے کھیلے گئے ہیں، جن میں ہندوستان نے 16 جیتے ہیں اور نیوزی لینڈ کو 11 میں کامیابی حاصل ہوئی ہے، جبکہ 3 مقابلے دونوں ٹیموں کے درمیان ٹائی ہوئے ہیں۔ ٹی-20 ورلڈ کپ میں اب تک دونوں ٹیمیں 3 بار آمنے سامنے آئی ہیں اور تینوں میں ہی نیوزی لینڈ فاتح رہا ہے۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ 2007، 2016 اور 2021 کے ٹی-20 ورلڈ کپ میں ٹکرائے تھے، جہاں نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو 2007 میں 10 رن، 2016 میں 47 رن اور 2021 میں 8 وکٹ سے ہرایا تھا۔
ہندوستانی ٹیم: سوریہ کمار یادو (کپتان)، ابھشیک شرما، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، ایشان کشن، تلک ورما، شیوم دوبے، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، جسپریت بمراہ، ورون چکرورتی، ارشدیپ سنگھ، رنکو سنگھ، کلدیپ یادو، محمد سراج، واشنگٹن سندر۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم: میچل سینٹنر (کپتان)، فن ایلن، ٹم سیفرٹ، راچن رویندرا، مارک چیپ مین، گلین فلپس، ڈیرل میچل، میٹ ہنری، لوکی فرگوسن، کول میک کونچی، کائل جیمیسن، جیکب ڈفی، ڈیون کانوے، جمی نیشم، ایش سودھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔