ٹی-20 عالمی کپ: وارم اَپ میچ میں آسٹریلیا پر ہندوستان کی دھماکہ خیز جیت، محمد شامی کے پہلے اوور میں گرے 4 وکٹ

اپنے پہلے وارم اَپ میچ میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو 6 رنوں سے شکست دے دی ہے، میچ کے آخری اوور میں آسٹریلیا کے 4 وکٹ گرے، اپنا پہلا اور میچ کا آخری اوور کرتے ہوئے محمد شامی نے خطرناک گیندبازی کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ٹی-20 عالمی کپ 2022 کے اپنے پہلے وارم اَپ میچ میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو 6 رنوں سے شکست دے کر سبھی کو اپنی مضبوط موجودگی کا احساس کرایا۔ میچ کے آخری اوور میں آسٹریلیا کے 4 وکٹ گرے۔ یہ اوور ہندوستان کے تیز گیندباز محمد شامی نے کیا جو کہ میچ میں اپنا پہلا اوور ڈال رہے تھے۔ اس اوور میں انھوں نے اپنے یارکر سے آسٹریلیائی بلے بازوں کو بری طرح پریشان کیا۔

ویسے آخری اوور میں گرے سبھی چار وکٹ محمد شامی نے نہیں لیے بلکہ ایک وکٹ رَن آؤٹ کی شکل میں گرا۔ آخری دو گیندوں پر شامی نے دو بلے بازوں کو کلین بولڈ کر دیا۔ اس طرح 187 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری آسٹریلیائی ٹیم 20 اوور میں 180 رن ہی بنا سکی۔ آسٹریلیا کی طرف سے سب سے زیادہ رن ایرون فنچ نے بنائے۔ انھوں نے 54 گیندوں پر 76 رن کی اننگ کھیلی۔ ہندوستان کی طرف سے محمد شامی نے ایک اوور میں 4 رن دے کر 3 وکٹ حاسل کیے۔ بھونیشور کمار کے حصے میں 2 وکٹ آئے اور عرشدیپ، یجویندر چہل و ہرشل پٹیل نے 1-1 وکٹ لیا۔


اس سے قبل ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوور میں 7 وکٹ کے نقصان پر 186 رن بنائے۔ ہندوستان کی طرف سے کے ایل راہل (57 رن) اور سوریہ کمار یادو (50 رن) نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ کپتان روہت شرما نے 15، وراٹ کوہلی نے 19 اور دنیش کارتک نے 20 رنوں کی اننگ کھیلی۔ آسٹریلیا کی طرف سے گیندبازی میں کین رچرڈسن نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جنھوں نے 4 وکٹ لیے۔ انھوں نے سوریہ کمار یادو، ہاردک پانڈیا، دنیش کارتک اور آر اشون کو پویلین لوٹایا۔ اسٹارک، میکسویل اور ایشٹن نے 1-1 وکٹ لیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔