ٹی-20 سیریز: ہندوستان کے خلاف دوسرے مقابلے میں جنوبی افریقہ کی زوردار واپسی، 51 رنوں سے ملی جیت

جنوبی افریقہ نے 20 اوورس میں 4 وکٹ کے نقصان پر 213 رنوں کا پہاڑ کھڑا کیا تھا۔ جواب میں ہندوستانی ٹیم 19.1 اوورس میں 162 رن ہی بنا سکی۔ اس طرح جنوبی افریقہ کو 51 رنوں سے جیت نصیب ہوئی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر ’ایکس‘ @ICC</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

5 میچوں کی ٹی-20 سیریز کے پہلے مقابلے میں میزبان ہندوستانی ٹیم نے مہمان جنوبی افریقہ کو یکطرفہ طریقے سے شکست دی تھی، لیکن دوسرے مقابلے میں مہمان ٹیم نے زوردار واپسی کی ہے۔ جنوبی افریقہ نے 20 اوورس میں 4 وکٹ کے نقصان پر 213 رنوں کا پہاڑ کھڑا کیا تھا۔ جواب میں ہندوستانی ٹیم 19.1 اوورس میں 162 رن ہی بنا سکی۔ اس طرح جنوبی افریقہ کو 51 رنوں سے جیت نصیب ہوئی۔ اس جیت میں وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈیکاک (46 گیندوں میں 90 رن) اور گیندباز اوٹنیل بارٹمین (4 اوورس میں 24 رن دے کر 4 وکٹ) نے کلیدی کردار نبھایا۔

آج ٹاس ہندوستانی ٹیم کے کپتان سوریہ کمار یادو نے جیتا تھا اور پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ کو شروعات اچھی ملی، کیونکہ پہلا وکٹ 38 رن پر اور دوسرا وکٹ 121 رنوں پر گرا۔ سلامی بلے باز ریزا ہینڈرکس (8 رن) اچھی بلے بازی نہیں کر سکے، لیکن دوسرے سلامی بلے باز کوئنٹن ڈیکاک پورے فارم میں دکھائی دیے۔ انھوں نے 7 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 46 گیندوں میں 90 رن بنائے۔ کپتان ایڈن مارکرم نے 26 گیندوں میں 29 رنوں کا تعاون پیش کیا۔ چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ڈیوالڈ بریوس رہے جنھوں نے 10 گیندوں میں 14 رن بنائے۔ آخر میں ڈونووَن فریرا (16 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 30 رن) اور ڈیوڈ ملر (12 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 20 رن) نے تیزی سے رن بنائے، جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ جنوبی افریقی ٹیم نے 213 رن بنا لیے۔


ہندوستانی گیندبازی آج انتہائی خراب رہی، کیونکہ عرشدیپ سنگھ نے تو ایک ایسا اوور پھینکا جس میں انھوں نے 7 وائیڈ گیندیں پھینکیں۔ انھوں نے 4 اوورس میں 54 رن خرچ کیے اور کوئی وکٹ بھی نہیں لیا۔ اسٹار گیندباز جسپریت بمراہ بھی وکٹ سے محروم رہے اور 4 گیندوں میں 45 رن بھی خرچ کیے۔ سب سے کامیاب گیندباز ورون چکرورتی رہے، جنھوں نے 4 اوورس میں 29 رن دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایک وکٹ اکشر پٹیل کو ملا، جنھوں نے 3 اوورس میں 27 رن دیے۔ ہاردک پانڈیا نے 3 اوورس میں 34 رن اور شیوم دوبے نے 2 اوورس میں 18 رن خرچ کیے۔

جب ہندوستان کی بلے بازی شروع ہوئی تو ایک بار پھر سلامی بلے باز شبھمن گل نے مایوس کیا۔ وہ اپنی پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ ابھشیک شرما 2 چھکے لگا کر شاندار فارم کو آگے بڑھاتے ہوئے نظر آ رہے تھے، لیکن 8 گیندوں میں 17 رن بنا کر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انھیں جانسن نے ایک بہترین گیند پر اپنا شکار بنایا۔ کپتان سوریہ کمار یادو نے محض 5 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ ٹیم کا اسکور 32 رن پر 3 وکٹ ہو گیا۔ اکشر پٹیل کو 3 نمبر پر بلے بازی کرنے بھیجا گیا تھا، لیکن انھوں نے 21 گیندوں میں 21 رن بنا کر ٹیم پر دباؤ بڑھانے کا ہی کام کیا۔ تلک ورما کی تعریف کرنی ہوگی، جنھوں نے میچ جتانے کی بھرپور کوشش کی، لیکن 34 گیندوں میں 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 62 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ وہ ہندوستان کی طرف سے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے، اور جب آؤٹ ہوئے، اس وقت ٹیم کی شکست یقینی نظر آ رہی تھی۔


دیگر ہندوستانی بلے بازوں کی بات کریں تو ہاردک پانڈیا نے 23 گیندوں میں 20 رن، جیتیش شرما نے 17 گیندوں پر 27 رن، شیوم دوبے نے 2 گیندوں پر 1 رن، عرشدیپ سنگھ نے 3 گیندوں پر 4 رن، ورون چکرورتی نے 2 گیندوں پر صفر اور جسپریت بمراہ نے بغیر کوئی گیند کھیلے ناٹ آؤٹ واپس لوٹے۔ جنوبی افریقہ کی گیندبازی آج شاندار رہی۔ بارٹمین نے جہاں 4 اہم کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، وہیں لنگی اینگیڈی (3.1 اوورس میں 26 رن)، مارکو جانسن (4 اوورس میں 25 رن) اور لوتھو سپاملا (4 اوورس میں 46 رن) نے 2-2 وکٹ حاصل کیے۔