ٹی-20 سیریز: پانچ صفر کی کلین سویپ کے لئے اترے گی ٹیم انڈیا

ہندوستانی ٹیم پہلے ہی نیوزی لینڈ کی زمین پر پہلی بار ٹی-20 سیریز جیتنے کی تاریخ رقم کرچکی ہے اور اب وراٹ کی نگاہیں 5-0 کی کلین سویپ پر ہیں، جبکہ میزبان ٹیم ہر حال میں اپنی ساکھ بچانے کے لئے اترے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ماؤنٹ موگانی: ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے تیسرا میچ سپر اوور میں جیتنے کے بعد کہا تھا کہ اب ٹیم کی نگاہیں 5-0 کی کلین سویپ پر ہیں، چوتھا میچ بھی سپر اوور میں جیتنے کے بعد ٹیم انڈیا اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والے پانچویں اور آخری ٹی -20 میچ میں 5-0 کی کلین سویپ کے لئے اترے گی۔

ندوستان نے سیریز کے پہلے دو میچ آسانی سے جیتے تھے اور اگلے دو میچوں میں اس نے شاندار واپسی کرتے ہوئے پہلے اسکور ٹائی کرایا اور پھر دونوں مقابلے سپر اوور میں جیت لئے۔ ہندوستانی ٹیم پہلے ہی نیوزی لینڈ کی زمین پر پہلی بار ٹی -20 سیریز جیتنے کی تاریخ رقم کرچکی ہے اور وراٹ اینڈ کمپنی کی نگاہیں 5-0 کی کلین سویپ پر ہیں جبکہ میزبان ٹیم اس میچ میں ہر حال میں اپنی ساکھ بچانے اترے گی۔


ہندوستان نے پہلی بار پانچ میچوں کی ٹی -20 سیریز کھیلی ہے اور اس کے پاس 5-0 کی کامیابی حاصل کرنے کا شاندار موقع ہے۔ پانچویں میچ کا مقام مستقل کپتان کین ولیمسن کا گھریلو میدان ہے لیکن کندھے کی چوٹ کی وجہ سے انہیں اس مقابلے سے باہر بیٹھنا پڑے گا۔ انہیں تیسرے میچ میں کندھے میں چوٹ لگی تھی جس سے وہ چوتھے میچ سے باہر ہو گئے تھے۔ تیسرا اور چوتھا میچ سپر اوور میں ہارنے کے بعد نیوزی لینڈ پر سوشل میڈیا پر چوكرس کا ٹھپا لگ چکا ہے۔ نیوزی لینڈ نے اپنے آٹھ سپر اوور میں سے سات گنوائے ہیں اور کپتانی کی ذمہ داری نبھانے والے تیز گیند باز ٹم ساؤتھی گزشتہ دو میچوں میں سپر اوور میں ہندوستانی بلے بازوں کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔

ان دو شکست کے لئے نیوزی لینڈ کے بلے باز ذمہ دار ہیں جو باقاعدہ اوورز میں میچ ختم نہیں کر پائے۔ تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ کو آخری اوور میں جیت کے لئے نو رن اور چوتھے میچ میں سات رن چاہیے تھے لیکن میزبان ٹیم ناکام رہی اور دباؤ میں آکر اسکور ٹائی کرا بیٹھی۔ تیسرے میچ میں فاسٹ بولر محمد سمیع نے اور چوتھے میچ میں فاسٹ بولر شاردل ٹھاکر نے آخری اوور ڈالا تھا۔ اگرچہ کولن منرو کا چوتھے میچ میں نصف سنچری بنانا ٹیم کو کچھ اعتماد فراہم کرتا ہے اور منرو کی اس میدان پر شاندار کارکردگی رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Feb 2020, 9:11 PM