ٹی-20 بین الاقوامی کرکٹ: روہت شرما کے چھکوں کا ریکارڈ یو اے ای کے کپتان محمد وسیم نے توڑ ڈالا

محمد وسیم اس وقت ٹی-20 بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکا لگانے والے کپتان بن گئے ہیں۔ انھوں نے اب تک بطور کپتان 110 چھکے لگائے ہیں جو عالمی ریکارڈ بن چکا ہے۔ روہت شرما نے 105 چھکے مارے تھے۔

<div class="paragraphs"><p>روہت شرما (دائیں) اور محمد وسیم (بائیں)</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ٹی-20 کپتان محمد وسیم نے ایک ایسا عالمی ریکارڈ بنا دیا ہے، جو بڑی بڑی ٹیموں کے کپتانوں کو توڑنا مشکل ہو سکتا ہے۔ محمد وسیم ٹی-20 کرکٹ میں بطور کپتان سب سے زیادہ چھکا لگانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انھوں نے ہندوستانی ٹی-20 ٹیم کے سابق کپتان روہت شرما کا ریکارڈ توڑا ہے، جو اب اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔ یعنی روہت شرما سے محمد وسیم کو اب ٹکر ملنے والی نہیں ہے۔

ایشیا کپ سے عین قبل محمد وسیم کے ذریعہ بنایا گیا یہ ریکارڈ بہت اہم ہے، کیونکہ ایشیا کپ میں وہ اپنے اس ریکارڈ کو مزید مضبوطی دے سکتے ہیں۔ دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے افغانستان کے خلاف سہ رخی سیریز کے تازہ میچ میں 37 گیندوں پر 67 رنوں کی طوفانی اننگ کھیلی۔ اس دوران انھوں نے 6 چھکے لگائے، اور اس کے ساتھ ہی وہ بطور کپتان 110 چھکا لگانے والے کھلاڑی بن گئے۔ زمبابوے کے خلاف کھیلی گئی اننگ کے بعد انھوں نے روہت شرما کے ذریعہ بطور کپتان لگائے گئے 105 چھکوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ روہت شرما اور محمد وسیم کے علاوہ کسی دوسرے کپتان نے ٹی-20 کرکٹ میں 100 چھکے بھی نہیں لگائے ہیں۔ یعنی روہت شرما پہلے ایسے کپتان تھے جنھوں نے ٹی-20 بین الاقوامی کرکٹ میں 100 چھکے لگانے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔


بہرحال، محمد وسیم نے یو اے ای کے لیے ٹی-20 میں اب تک 80 میچ کھیلے ہیں، جن میں 38 سے زیادہ کی اوسط سے 2859 رن بنا لیے ہیں۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ بھی 150 سے زیادہ کا ہے۔ محمد وسیم نے ٹی-20 بین الاقوامی کرکٹ میں 3 سنچری اور 23 نصف سنچری بنائی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ بڑی اننگز کھیلنے کی قوت رکھتے ہیں۔ جہاں تک بطور کپتان یو اے ای کے لیے کھیلنے کا سوال ہے، محمد وسیم نے اب تک 54 مقابلے کھیلے ہیں جن میں 110 چھکے لگائے ہیں۔ روہت شرما نے ہندوستان کے لیے ٹی-20 کرکٹ میں 62 میچوں میں کپتانی کرتے ہوئے 105 چھکے لگائے تھے۔ یعنی محمد وسیم کے ذریعہ فی میچ چھکے لگانے کا اسٹرائیک ریٹ روہت شرما سے بہتر ہے۔ اگر ٹی-20 کرکٹ کھیل رہے کپتانوں کی بات کریں تو زمبابوے کے سکندر رضا نے 42 میچوں میں کپتانی کرتے ہوئے 59 چھکے لگائے ہیں۔ ظاہر ہے سکندر ابھی محمد وسیم سے بہت پیچھے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔