ٹی-20 عالمی کپ: سوریہ کمار کی بلے بازی دیکھ کر چکرایا بین اسٹوکس کا سر، سیمی فائنل کی جنگ سے قبل دیا اہم بیان

ٹی۔20 ورلڈ کپ کے گروپ 1 میں جہاں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں وہیں دوسری جانب گروپ 2 میں ہندوستان اور پاکستان نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سڈنی: ٹی-20 ورلڈ کپ 2022 اپنے آخری مرحلہ میں ہے۔ اس ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے کے میچز ختم ہو چکے ہیں اور اب سیمی فائنل میچ شروع ہونے والے ہیں۔ خیال رہے کہ گروپ 1 میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچی گئی ہیں، جبکہ گروپ 2 میں ہندوستان اور پاکستان نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ اب 10 نومبر بروز جمعرات ایڈیلیڈ میں ٹیم انڈیا کا مقابلہ انگلینڈ سے ہونے جا رہا ہے۔

اس میچ سے قبل انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے ہندوستانی کھلاڑی سوریہ کمار یادیو کو لے کر بڑا بیان دیا ہے۔ بین اسٹوکس نے بھارت-انگلینڈ میچ سے قبل پریس کانفرنس کی، جس میں انہوں نے سوریہ کمار یادو کی بیٹنگ پر حیرت کا اظہار کیا۔ بین اسٹوکس نے میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت کے خلاف میچ کو لے کر بہت پرجوش ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اسٹار ہندوستانی کھلاڑی سوریہ کمار یادو سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہیں عظیم بلے باز قرار دیا۔


بین اسٹوکس نے کہا کہ سوریہ کمار یادو ایک عظیم کھلاڑی ہیں، ان کی بیٹنگ شاندار ہے، کئی مواقع پر ان کے شاٹس کو دیکھ کر ہمیں سمجھ نہیں آتی کہ وہ اتنی آسانی سے شاٹس کیسے مار سکتے ہیں۔ وہ کچھ ایسے شاٹس کھیلتے ہیں جنہیں دیکھ کر آپ کا سر چکرانے لگتا ہے!

بین اسٹوکس نے اس کے علاوہ وراٹ کوہلی کی بھی تعریف کیْ۔ انہوں نے کہا ’’وراٹ کوہلی نے یہ حق حاصل کر لیا ہے کہ کوئی انہیں ٹیم سے نہیں نکال سکتا۔‘‘ بین اسٹوکس نے ٹورنامنٹ میں اب تک 5 میچز کھیلے ہیں جن میں وہ صرف ایک بار دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ سری لنکا کے خلاف آخری میچ میں انہوں نے نابعد 42 رنز اسکور کئے تھے، جس کی وجہ سے ٹیم کو جیت حاصل ہوئی۔


خیال رہے کہ سوریہ کمار یادو ٹی-20 ورلڈ کپ 2022 میں شاندار فارم میں چل رہے ہیں۔ وہ اب تک کھیلے گئے 5 میچوں میں 3 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ ورلڈ کپ میں اب تک 225 رنز بنا چکے ہیں۔ اس دوران ان کی اوسط 75 سے زیادہ رہی۔ انہوں نے اس ورلڈ کپ میں 193 سے زیادہ کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے ہیں۔

ہندوستان کے اسٹار بلے باز سوریہ کمار یادو نے زمبابوے کے خلاف میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں اپنے بلے سے طوفان برپا کر دیا تھا۔ انہوں نے اس میچ میں 25 گیندوں پر 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ سوریہ کمار یادو نے اپنی اننگز میں 6 چوکے اور 4 چھکے لگائے تھے۔


دونوں ٹیموں کی ممکنہ پلیئنگ الیون:

ہندوستان: کے ایل راہل، روہت شرما (کپتان)، وراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادو، ہاردک پانڈیا، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، اکسر پٹیل، روی چندرن اشون، بھونیشور کمار، ارشدیپ سنگھ، محمد شامی۔

انگلینڈ: جوس بٹلر (وکٹ کیپر اور کپتان)، الیکس ہیلز، فلپ سالٹ، ہیری بروکس، بین اسٹوکس، لیام لیونگ اسٹون، معین علی، سیم کرن، عادل راشد، کرس ووکس، مارک ووڈ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔