سڈنی ٹیسٹ: پجارا-پنت کی شاندار بلے بازی، 622 رن پر اننگ ختم کرنے کا اعلان، مضبوط پوزیشن میں ٹیم انڈیا

چتیشور پجارا اور رشبھ پنت کی شاندار سنچریوں سے ٹیم انڈیا نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے دن 7 وکٹ پر 622 رن بنا کر اپنی اننگز کا اعلان کر دیا، جس سے میچ پر اس کی گرفت مضبوط ہو گئی ہے۔

تصویر / <a href="https://twitter.com/BCCI">@BCCI</a>
تصویر / @BCCI
user

یو این آئی

سڈنی: ٹیسٹ کے ماہر کھلاڑی چتیشور پجارا (193 رن) اور نوجوان وکٹ کیپر رشبھ پنت (ناٹ آؤٹ 159 رن) کی شاندار سنچریوں کے دھماکے سے ہندستانی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے دن جمعہ کو سات وکٹ پر 622 رن بنا کر اپنی اننگز کا اعلان کر دیا جس سے میچ میں اس کی گرفت مضبوط ہو گئی ہے۔

ہندستان نے پہلی اننگز میں 167.2 اوور میں سات وکٹ پر 622 رن بنائے جس کے بعد کپتان وراٹ کوہلی نے اننگز کا اعلان کرنے کا اشارہ دے دیا۔ اس کے بعد دن کے کھیل کے اختتام سے کچھ پہلے آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا اور 10 اوور میں بغیر كوئي وکٹ گنوائے 24 رنز بنا لئے۔ وہ اب ہندستان کے اسکور سے 598 رنز پیچھے ہے اور اس کے بلے باز مارکس ہیرس 19 اور عثمان خواجہ پانچ رن پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

ہندستانی اننگز میں کل کے ناٹ آؤٹ بلے باز پجارا اپنی ڈبل سنچری کو پورا کرنے سے چوک گئے اور 193 رن پر آؤٹ ہوئے جبکہ ساتویں نمبر پر اترے پنت 159 رن بنا کر ناٹ آؤٹ کریز سے ناٹ آؤٹ لوٹے۔ رویندر جڈیجہ نے بھی 81 رن بنائے۔ پنت اسی کے ساتھ آسٹریلوی زمین پر سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی وکٹ کیپر بن گئے، انہوں نے دورہ انگلینڈ میں بھی سنچری بنائی تھی۔
آسٹریلیا کے لیے آف اسپنر ناتھن لیون چار وکٹ لے کر سب سے کامیاب رہے جبکہ فاسٹ بولر جوش ہیزل وڈ کو 105 رن پر دو اور مشیل اسٹارک کو 123 رن دے کر ایک وکٹ ملا۔

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر سال 1978 کے بعد پہلی بار ٹیسٹ میچ جیتنے اور اسی کے ساتھ آسٹریلوی زمین پر 70 برسوں میں پہلی بار ٹیسٹ سیریز جیت کر تاریخ رقم کرنے کے مقصد کے ساتھ کھیل رہی ہندستانی ٹیم نے بلے بازوں کی کمزور کارکردگی کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے رنز کا پہاڑ لگا دیا۔

ہندستان نے صبح اننگز کا آغاز کل کے چار وکٹ پر 303 رن سے آگے بڑھاتے ہوئے کیا، اس وقت پجارا 130 اور ہنوما وهاري 39 رنز بنا کر کریز پر تھے۔ پجارا اگرچہ ڈبل سنچری لگانے سے صرف سات رن دور رہ گئے، لیون نے انہیں اپنی گیند پر کیچ کر پویلین بھیجا۔ اگرچہ صبح پجارا اور ہنوما نے اننگز کو بخوبی آگے بڑھایا اور پانچویں وکٹ کے لئے 101 رن کی سنچری شراکت کی۔

پجارا نے سب سے زیادہ 373 گیندوں کا سامنا کیا اور 22 چوکے لگا کر 193 رن بنائے۔ انہوں نے کل کے اپنے ذاتی اسکور میں 63 رنز کا اور اضافہ کیا۔ ان کے ساتھ ڈٹے ہوئے کل کے ناٹ آؤٹ بلے باز ہنوما بھی نصف سنچری مکمل نہیں کر سکے اور گزشتہ اسکور میں 26 رنز ہی جوڑ پائے تھے کہ لیون نے انہیں لابچاگے کے ہاتھوں کیچ کراکر دن کا پہلا اور ہندستان کا پانچواں وکٹ آسٹریلیا کو دلا دیا۔ ہنوما نے 96 گیندوں میں پانچ چوکے لگا کر 42 رن بنائے۔

ہنوما کے آؤٹ ہونے کے بعد پجارا نے ساتویں نمبر پر بلے بازی کے لیے اترے نوجوان وکٹ کیپر پنت کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا اور چھٹے وکٹ کے لئے 89 رن جوڑ ہندستان کو 418 کے اسکورتک پہنچایا۔ پجارا نے ہندوستانی اننگز میں پانچ بلے بازوں کے ساتھ شراکت داری ادا کی جن میں مینک اگروال (77) اور ہنوما کے ساتھ انہوں نے سنچری جبکہ کپتان وراٹ اور پنت کے ساتھ نصف سنچری شراکت کیں۔

تصاویر / @BCCI

پجارا اگرچہ چھٹے بلے باز کے طور پر آسٹریلوی آف اسپنر لیون کا شکار بنے جنہوں نے انہیں ٹیسٹ کے چوتھی ڈبل سنچری سے محروم کر دیا۔ پجارا نے کل دوسرے اوور سے لے کر سارا دن بیٹنگ کی اور دوسرے دن لنچ کے بعد پویلین لوٹے۔ انہوں نے زبردست شاٹس کو انتخاب کیا اور وہ اننگز میں خوش قسمت بھی رہے جب 12 کے اسکور پر ریویو میں بچے اور پھر 192 کے اسکور پر خواجہ نے ان کا کیچ ٹپکا دیا۔

پجارا کے آؤٹ ہونے کے بعد پنت نے کنٹرول میں دکھ رہی ہندستانی اننگز میں طوفانی انداز میں رن بنائے اور 189 گیندوں میں 15 چوکے اور ایک چھکا لگا کر ناٹ آؤٹ 159 رنز بنائے جو ان کے ٹیسٹ کیریئر کا بہترین ا سکور بھی ہے۔ پنت نے آل راؤنڈر جڈیجہ کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے 204 رنز کی ڈبل سنچری شراکت کی جو اننگز کی سب سے بڑی شراکت بھی ہے۔
جڈیجہ نے 114 گیندوں میں سات چوکے اور ایک چھکا لگا کر 81 رن بنائے جو ان کے ٹیسٹ کیریئر کی 10 ویں نصف سنچری بھی ہے۔ جڈیجہ کو ساتویں اور ہندوستانی اننگز کے آخری بلے باز کے طور پر لیون نے بولڈ کیا جبکہ پنت 159 کے اسکور پر ناٹ آؤٹ لوٹے اور وراٹ نے تین وکٹ باقی رہتے 622 رن پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔

دن کے اختتام تک آسٹریلوی جوڑی مارکس ہیرس 29 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 19 رنز اور خواجہ 31 گیندوں میں پانچ رنز بنا کر کریز پر ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔