بلے بازوں کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں سوریہ کمار یادو دوسرے نمبر پر

بلے باز سوریہ کمار یادو اپنے ٹی۔ 20 انٹرنیشنل کیریئر کی پہلی 20 اننگز میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹی 20 رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں

سوریہ کمار یادو، تصویر آئی اے این ایس
سوریہ کمار یادو، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

دوبئی: بلے باز سوریہ کمار یادو اپنے ٹی۔ 20 انٹرنیشنل کیریئر کی پہلی 20 اننگز میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹی 20 رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ منگل کو ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹی۔ٹوئنٹی میں 76 رنز بنانے کے بعد وہ بہترین بلے بازوں کی فہرست میں پاکستان کے بابر اعظم (818) سے صرف دو پوائنٹ پیچھے ہیں۔

سیریز کے پہلے دو میچ سوریہ کمار کے لیے اتنے اچھے نہیں تھے، کپتان روہت شرما کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔ تاہم تیسرے میچ میں فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہوئے انہوں نے ہندوستان کو 165 کے مشکل ہدف کے بہت قریب پہنچا دیا۔ اس اننگز کی وجہ سے وہ چوتھے نمبر سے دو درجے اوپر آگئے ہیں۔ جس کی وجہ سے محمد رضوان اور ایڈن مارکرم کو ایک ایک مقام کا نقصان ہوا ہے۔ ہندوستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اس سیریز میں مزید دو میچ کھیلنے ہیں اور سوریہ کمار کے پاس بابر کو ہرانے کا اچھا موقع ہے۔


سوریہ کمار نے گزشتہ سال اپنا ٹی 20 انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا، اب تک 38.11 کی اوسط اور 175.60 کے اسٹرائیک ریٹ سے 648 رنز بنا چکے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ ماہ ٹرینٹ برج میں انگلینڈ کے خلاف 117 رنز بنانے کے بعد رینکنگ میں 44 مقامات کی بڑی چھلانگ لگائی۔

پاکستان کے کپتان بابر اس وقت تینوں بین الاقوامی فارمیٹس میں ٹاپ تھری میں واحد بلے باز ہیں۔ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رینکنگ میں ٹاپ پر بیٹھے بابر ٹیسٹ میچوں میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کا اگلا ٹی۔ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ اگست کے آخر میں ایشیا کپ کے دوران ہوگا اور اس دوران وہ ٹی۔ٹوئنٹی انٹرنیشنل رینکنگ میں نیچے کھسک سکتے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی ہندوستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کفایتی بولنگ کرنے والے عقیل حسین گیند بازوں کی فہرست میں تین درجے اوپر چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔