ہندوستان کے دوسرے دورے میں دو ٹسٹ ہاری تھی سری نکا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

سید پرویز قیصر

سری لنکا نے ہندوستان کا دوسرا دورہ 1986-87میں دلیپ مینڈس کی قیادت میں کیا تھا۔ اس دورے میں اس نے جو تین ٹسٹ میچ کھیلے تھے اس میں دو میں اسے شکست ہوئی تھی جبکہ ایک ٹسٹ برابر رہا تھا۔

سریز کا پہلا ٹسٹ جو کانپور میں کھیلا گیا تھا بغیر کسی فیصلے کے ختم ہواتھا۔ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سری لنکا نے138 اوور میں420 رن بنائے تھے۔ سیداتھ ویٹیمنی (79)، روی رتنائیکے(93)،رائے ڈائس (50) اورارجن را نا تنگا(52) کی نصف سنچریوں کی مدد سے یہ اسکورممکن ہوسکا تھا۔ محمد اظہر الدین کے199 سنیل گواسکر نے176 اور کپل دیو کے163 رنوں کی بدولت ہندوستان نے167.1 اوور میں سات وکٹ پر 676 رن بنائے تھے۔ روی رتنائیکے نے 132 رن دیکرچار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ محمد اظہر الدین ٹسٹ کرکٹ میں199کا شکار ہونے والے ہندوستان کے پہلے اور کل ملاکر دوسرے بلے باز تھے ۔ ان سے قبل پاکستان کے مدثر نذر اس اسکور پر آوٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے۔

ناگپور میں ہوئے دوسرے ٹسٹ میں میزبان ٹیم نے ایک اننگ اور106 رن سے کامیابی حاصل کی۔ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سری لنکا نے 59.1 میں204 رن بنائے تھے۔ارجن راناتنگا نے 59 رن بنائے تھے جبکہ شیو لال یادو نے 76 رن دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ ہندوستان نے129.5 اوور میں چھ وکٹ پر 451 رن بناکر اپنی اننگ ڈکلیر کردی تھی۔مہندر امرناتھ(131) اور دلیپ وینگ سر کر(153) سنچریوں کی مدد سے ہندوستان کا یہ اسکور ممکن ہوسکا۔ سری لنکا نے جب اپنی دوسری اننگ شروع کی تھی تو اسے247 رن کا خسارہ پورا کرنا تھا۔ اسکے سبھی کھلاڑی دوسری اننگ میں 48.4 اوور میں141رن بناکر آوٹ ہوئے جس کی بدولت اسے ایک اننگ اور 106رن سے ہار ملی۔روی رتنائیکے نے 54 رن بنائے جبکہ منندر سنگھ نے 51 رن دیکر سات کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

سریزکے تیسرے اور آخری ٹسٹ میں جو کٹک میں کھیلا گیا ہندوستان نے ایک اننگ اور67 رن سے کامیابی حاصل کی۔ٹاس جیت نےکے بعدپہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان نے 127.3 اوور میں400 رن بنائے تھے۔ دلیپ وینگ سرکر نے166 اوور کپل دیو نے60 رن بنائے تھے۔روی رتنائیکے نے85 رن دیکر پانچ اور ڈان اناسوری نے 71 رن دیکر چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔

پہلی اننگ میں سری لنکا کے سبھی کھلاڑی 76.1 اوور میں191 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے جس کی وجہ سے اسے فالوآن ملا۔ کپل دیو نے69 رن دیکرچار اور منندر سنگھ نے 41 رن دیکر اتنے ہی کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ دوسری اننگ میں سری لنکا نے 59 اوور میں142 رن بنائے تھے۔ روی شاستری نے گیارہ اوور میں گیارہ رن دیکر چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔

دلیپ وینگ سرکر کو میں آف دی سریز منتخب کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔