جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر پہلی بارعالمی کپ کے فائنل میں جگہ بنائی

جنوبی افریقی ٹیم خواتین عالمی کپ 2025 کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی۔ اس مقابلے میں کپتان لورا ولوارڈٹ  نے سب سے زیادہ رنز بنائے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویربشکریہ آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

تاریخ رقم کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم ون ڈے عالمی کپ کے فائنل میں پہلی مرتبہ پہنچی ہے۔ خواتین عالمی کپ 2025 کے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو 125 رنز سے شکست دے دی، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے 319 رنز بنائے، ٹیم کی جانب سے کپتان لورا ولوارڈٹ (169) نے سب سے زیادہ رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 194 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ماریزان کپ کی بولنگ مہلک تھی، انہوں نے اپنے 7 اوور کے اسپیل میں صرف 20 رنز کے عوض 5 وکٹیں لیں۔

خواتین عالمی کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 320 رنز کا ہدف دیا گیا جس کے تعاقب میں اس کا آغاز تباہ کن رہا۔ ماریزان کپ نے پہلے اوور کی دوسری گیند پر انگلینڈ کی وکٹ کیپر بلے باز ایمی جونز کو بولڈ کیا۔ ماریزان نے پہلے اوور کی پانچویں گیند پر ہیتھر نائٹ کو بھی آؤٹ کر دیا۔ ایابنگا کھاکا نے اگلے اوور کی پہلی گیند پر ٹیمی بیومونٹ کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کی تیسری وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ نے 1 رن پر تین وکٹیں گنوائیں، ٹاپ تین بلے باز اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے۔


ایک رن پر تین وکٹیں گنوانے کے بعد کپتان نتالی سکیور اور ایلس کیپسی کے درمیان سنچری پارٹنرشپ نے انگلینڈ کی فائنل میں پہنچنے کی امیدوں کو زندہ رکھا۔ انہوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 107 رنز جوڑے۔ اس شراکت داری کو سنی لوس نے توڑا جنہوں نے کیپسی کو آؤٹ کیا۔ کیپسی نے 71 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔ کپتان نتالی بھی 76 گیندوں پر 1 چھکا اور 6 چوکے سمیت 64 رنز بنانے کے بعد روانہ ہوگئیں ۔ انہیں ماریزان کپ نے آؤٹ کیا۔

31ویں اوور میں ماریزان کپ نے میچ کی اپنی پانچویں وکٹ حاصل کی۔ اس نے اپنے سات اوور کے اسپیل میں صرف 20 رنز دیے۔ لنسی اسمتھ نے اختتام کی طرف کچھ اچھے شاٹس کھیلے اور  وہ 27  رنز ہی بنا پائیں ۔ انگلینڈ 194 رنز پر ڈھیر ہو گئی  اور جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل میں 125 رنز کے بڑے فرق سے کامیابی حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنا لی۔


جنوبی افریقہ کے لیے، کپتان لورا وولوارڈٹ اور تزمین برٹس نے پہلی وکٹ کے لیے سنچری شراکت (116) کی تھی۔ سوفی ایکلسٹون نے 23ویں اوور میں برٹس (45) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اسی اوور میں سوفی نے این بوش کو بھی بولڈ کر دیا جس سے جنوبی افریقہ کو ایک کے بعد ایک نقصان اٹھانا پڑا۔ ان کی تیسری وکٹ 119 کے سکور پر سنی لوئس کی صورت میں گری۔اس کے بعد کپتان لورا نے ماریزان کپ کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 72 رنز کی شراکت داری کی۔

انگلینڈ کی جانب سے سوفی ایکلسٹون نے 10 اوور کے اسپیل میں 44 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ لارین نے 10 اوورز میں 55 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان نیٹلی سکیور نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جنوبی افریقہ نے پچھلے ایڈیشن کا بدلہ بھی لے لیا۔ گزشتہ عالمی کپ (2022) میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو سیمی فائنل میں شکست دی تھی۔ لورا ولوارڈٹ اس سیمی فائنل میں اپنا کھاتہ نہیں کھول سکیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔