کرکٹ کے مکہ لارڈس میں جنوبی افریقہ نے رقم کی تاریخ، ڈبلیو ٹی سی فائنل میں آسٹریلیا کو 5 وکٹ سے دی شکست
جنوبی افریقہ ’عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ-2025‘ کا فاتح بن گیا ہے۔ آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے دوسری اننگ میں 282 رنوں کا ہدف دیا تھا، جسے اس نے چوتھے ہی دن محض 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ٹیمبا بووما کی کپتانی میں جنوبی افریقہ نے آج ٹیسٹ کرکٹ میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔ کرٹ کے مکہ کہے جانے والے میدان لارڈس میں کھیلے گئے ’عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ-2025‘ کے فائنل میں اس نے دفاعی چمپئن آسٹریلیا کو چوتھے ہی دن 5 وکٹ سے شکست فاش دے دی۔ اس کارنامہ کو انجام دینے کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے عالمی کپ چمپئن بننے کے 33 سالہ انتظار کو بھی ختم کر دیا۔
جنوبی افریقہ کی اس فتح کے ہیرو تیز گیندباز کگیسو رباڈا اور سلامی بلے باز ایڈن مارکرم رہے۔ رباڈا نے فائنل مقابلہ کی دونوں اننگ میں مجموعی طور پر 9 وکٹ لیے، جبکہ مارکرم نے جنوبی افریقہ کی دوسری اننگ میں شاندار 136 رن بنائے۔ مارکرم کو ان کی بہترین اننگ کے لیے پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ دوسری اننگ میں کپتان ٹیمبا بووما نے بھی ہیمسٹرنگ کی چوٹ کے باوجود انتہائی اہم 66 رن بنائے۔ مارکرم اور بووما کی شراکت داری نے ہی میچ کو پوری طرح سے اپنی طرف کھینچ لیا۔ میچ کے چوتھے دن جیسے ہی کائل ویرین کے بلّے سے جیت کا رن نکلا، لارڈس کے ڈریسنگ روم میں جنوبی افریقی کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف کے ساتھ ہی اسٹیڈیم میں موجود ہر جنوبی افریقی شیدائی خوشی سے جھوم اٹھے۔ یہ جنوبی افریقہ کی محض دوسری آئی سی سی ٹرافی بھی ہے۔ 27 سال قبل 1998 میں جنوبی افریقہ چمپئنز ٹرافی کی فاتح بنی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کے سامنے دوسری اننگ میں جیت کے لیے 282 رنوں کا ہدف رکھا تھا۔ لارڈس پر چوتھی اننگ میں محض 4 بار ہی 200 سے زیادہ رن کا ہدف حاصل کیا جا سکا تھا۔ اس کو دیکھتے ہوئے جنوبی افریقہ کے لیے جیت کافی مشکل لگ رہی تھی۔ مسئلہ یہ بھی تھا کہ جنوبی افریقہ نے اس سے قبل محض 5 مرتبہ 250 سے زیادہ رنوں کے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے جیت حاصل کی تھی۔ آخری بار اس نے ایسا 2008 میں کیا تھا۔ لیکن ڈبلیو ٹی سی فائنل میں حالات بالکل مختلف نظر آئے۔ ایڈن مارکرم اور ٹیمبا بووما نے جس انداز میں بلے بازی کی، اس کے بعد جنوبی افریقہ کے لیے سب کچھ آسان ہو گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔