ولیمسن سمیت چھ کیویزکرکٹرز آئی پی ایل میں شرکت کیلئے رضامند

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور ایشیا کپ کے التوا کے بعد اس سال ستمبر سے نومبر کے لئے آئی پی ایل ونڈو مل گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن سمیت چھ کرکٹرز نے کورونا وائرس کی ہولناکیوں کی پرواہ کئے بغیر کروڑوں ڈالرز انعامی رقم والی انڈین پریمیر لیگ کے لیے رضامندی ظاہر کردی ہے۔

ان کھلاڑیوں میں کپتان کین ولیمسن،لوکی فرگوسن،جیمزنیشام، میچل سنیٹر، ٹرینٹ بولٹ اور میچل میکلینگھن شامل ہیں۔ ان 6 کرکٹرز نے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ سے این اوسی دینے کی درخواست کی تھی، جو قبول کرتے ہوئے بورڈ حکام نے واضح کیا ہے کہ این او سی جاری کردیئےجائیں گے۔بورڈ لیگ کے وقت کورونا صورت حال کے حوالےسے انہیں آگاہی دے گا۔


تاہم کرکٹرز کو کورونا صورت حال میں کھیلنے کا خود فیصلہ کرنے کے ساتھ تمام چیزوں کا خیال رکھنا ہوگا۔نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی) نے کہا ہے کہ وہ 2020 انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں حصہ لینے والے اپنے تمام چھ کھلاڑیوں کو این او سی (نان آبجیکشن سرٹیفکیٹ) دے گا۔ ابھی تک آئی پی ایل 2020 کے شیڈول کے حوالے سے کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں لیا گیا ہے لیکن اطلاعات ہیں کہ آئی پی ایل 19 ستمبر سے شروع ہوسکتا ہے جو اس سال متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔

نیشام کنگز الیون پنجاب ، فرگوسن کولکتہ نائٹ رائیڈرز ، ممبئی انڈینز کے لئے ٹرینٹ بولٹ ، ممبئی انڈینز کے لئے ہی میکلینگھن، چنئی سپر کنگز کے لئے مچل سینٹنر اور سن رائزرس حیدرآباد کے لئے ولیم سن کھیلیں گے۔ کیوی بورڈ نے یہ بھی کہا کہ اس دوران کھلاڑیوں کو خود ہیلتھ سیفٹی پروٹوکول کا بھی خیال رکھنا ہوگا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے ترجمان رچرڈ بوک نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ آئی پی ایل میں شریک کھلاڑیوں کو این او سی دے گی ، اس کے بعد فیصلہ کھلاڑیوں پر ہوگا۔


انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والے آئی پی ایل ایونٹ پر نیوزی لینڈ کی کرکٹ کا کوئی ردعمل نہیں ہے۔ یہ ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور ایشیا کپ کے التوا کے بعد اس سال ستمبر سے نومبر کے لئے آئی پی ایل ونڈو مل گیا ہے۔ کین ولیمسن نے حال ہی میں آئی پی ایل کے بارے میں بھی کہا تھا کہ سیفٹی پروٹوکول کو ٹورنامنٹ میں دیکھنا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔