پہلے ٹیسٹ میچ میں سراج کی شاندار گیندبازی، ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگ 162 پر ختم، ہندوستان کا اسکور 121/2

محمد سراج نے بہترین گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 اوورس میں 40 رن دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ جسپریت بمراہ نے 14 اوورس میں 42 رن دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

<div class="paragraphs"><p>وکٹ لینے کے بعد ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ خوشی مناتے ہوئے محمد سراج، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

احمدآباد: ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ آج گجرات کے احمد آباد واقع نریندر مودی اسٹیڈیم میں شروع ہوا۔ پہلا دن پوری طرح سے ہندوستان کے نام رہا، جہاں محمد سراج کی شاندار گیندبازی کے سبب پہلے تو ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 162 رن بنا کر پویلین لوٹ گئی، پھر ہندوستان نے آج کا کھیل ختم ہونے تک محض 2 وکٹ کے نقصان پر 121 رن بنا لیے۔ محمد سراج نے جہاں 14 اوورس میں 40 رن دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، وہیں جسپریت بمراہ نے بھی 14 اوورس میں 42 رن دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ کلدیپ یادو کے حصے میں 2 اور واشنگٹن سندر کے حصے میں 1 وکٹ آئے۔

ویسٹ انڈیز کی بلے بازی کی بات کریں تو سب سے زیادہ 32 رن جسٹن گریوز نے بنائے، جبکہ شائی ہوپ نے 26، کپتان روسٹن چیز نے 24، برینڈن کنگ نے 13، ایلک اتھانیز نے 12 اور کھیری پیئرے نے 11 رنوں کا تعاون دیا۔ دیگر بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ پائے۔ محمد سراج نے ویسٹ انڈین بلے بازوں کی ایک طرح سے کمر توڑ دی، کیونکہ ٹاپ آرڈر کے 5 بلے بازوں میں سے 4 کا وکٹ انھوں نے ہی لیا۔ باقی کا کام بمراہ، کلدیپ اور سندر نے مل کر انجام دے دیا۔ اس طرح ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 44.1 اوورس میں ہی 162 رنوں پر سمٹ گئی۔


ہندوستان کی جب بلے بازی شروع ہوئی تو سلامی بلے باز یشسوی جیسوال اور کے ایل راہل بہت شاندار نظر آ رہے تھے۔ دونوں کے درمیان 68 رنوں کی شراکت داری ہوئی تھی اور انیسواں اوور چل رہا تھا جب ویسٹ انڈیز کو پہلی کامیابی ملی۔ یشسوی 54 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 36 رن بنا کر جیڈن سیلز کے شکار بن گئے۔ ان کا کیچ وکٹ کے پیچھے شائی ہوپ نے لیا۔ تیسرے نمبر پر بلے بازی کرنے اترے سائی سدرشن آج اپنے فارم میں دکھائی نہیں دیے۔ وہ تیز گیندبازوں کے ساتھ ساتھ اسپن گیندبازوں کے سامنے بھی جدوجہد کرتے نظر آئے۔ بالآخر وہ 19 گیندوں پر 7 رن بنا کر کپتان روسٹن چیز کا شکار ہو گئے۔ اس کے بعد ہندوستانی کپتان شبھمن گل میدان پر اترے۔ انھوں نے کے ایل راہل کا بھرپور ساتھ دیا اور کھیل ختم ہونے تک ناٹ آؤٹ واپس لوٹے۔ گل نے 42 گیندوں پر 18 رن بنائے ہیں، جبکہ کے ایل راہل 114 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 53 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔