سڈنی میں خطرناک چوٹ کے بعد شریئس ایر کا پہلا بیان، ’ہر دن پہلے سے بہتر ہو رہا ہوں‘

آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں شدید زخمی ہونے والے شریئس ایر نے اسپتال سے صحت یابی کی خبر دی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر دن بہتر ہو رہے ہیں

<div class="paragraphs"><p>شریئس ایر / تصویر بشکریہ ایکس </p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ کے دوران ہندوستانی ٹیم کے نائب کپتان شریئس ایر ایک خوفناک حادثے کا شکار ہو گئے تھے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب آسٹریلوی بلے باز ایلکس کیری کی گیند پر کیچ لینے کی کوشش میں ایر میدان میں بری طرح گر پڑے۔ گرنے کے دوران ان کی بائیں پسلی کے نچلے حصے میں شدید چوٹ آئی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر سڈنی کے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ابتدائی جانچ میں معلوم ہوا کہ ایر کو اندرونی خون بہنے کا بھی سامنا ہے، جس کے باعث صورتحال تشویشناک ہو گئی تھی۔

پانچ دن تک اسپتال میں زیرِ علاج رہنے کے بعد شریئس ایر نے آخرکار اپنی خاموشی توڑ دی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں اور خیرخواہوں کا شکریہ ادا کیا۔ ایر نے لکھا، ’’میں اس وقت بحالی کے عمل میں ہوں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر محسوس کر رہا ہوں۔ ان دنوں میں مجھے جس محبت، دعا اور حوصلہ افزائی کا سہارا ملا، وہ میرے لیے بے حد معنی رکھتا ہے۔ آپ سب کا تہہ دل سے شکریہ۔‘‘


ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) بھی مسلسل شریئس کی صحت سے متعلق اپ ڈیٹس فراہم کر رہا ہے۔ بورڈ کے سکریٹری دیوجیت سیکیا کے مطابق، ’’ایر کی انجری کے لیے کسی قسم کی سرجری کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ ڈاکٹروں نے مختلف علاجی طریقوں سے ان کی حالت کو سنبھالا ہے، اور وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔‘‘

قابلِ ذکر ہے کہ سڈنی میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں ہندوستانی ٹیم گیند بازی کر رہی تھی۔ آسٹریلیا کی تین وکٹیں گر چکی تھیں اور ہرشت رانا کی گیند پر چوتھی وکٹ حاصل کرنے کی کوشش میں ایر نے غیر معمولی کیچ لینے کی کوشش کی، مگر توازن بگڑنے کے باعث زور سے زمین پر گرے اور زخمی ہو گئے۔ یہ منظر دیکھ کر میدان میں موجود کھلاڑیوں اور تماشائیوں میں بھی سناٹا چھا گیا تھا۔

اب جبکہ شریس ایر کی صحت میں بہتری کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، مداحوں کو امید ہے کہ وہ جلد میدان میں واپسی کریں گے اور ایک بار پھر ہندوستانی ٹیم کے لیے شاندار کارکردگی دکھائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔