شیکھر دھون: ہندوستانی ٹیم کا ’’گبر‘‘... یوم پیدائش پر خاص

شیکھر دھون کو کرکٹ کا شوق نوعمری میں ہی ہوگیا تھا۔ ایک روز اپنے کزن کو کھیلتے دیکھ کر ان کے اندر کرکٹ کا جذبہ پیدا ہوگیا۔ جس کے بعد ان کے والدین نے دھون کو 12 سال کی عمر میں سونیٹ کلب میں داخل کرایا۔

شیکھر دھون، تصویر آئی اے این ایس
شیکھر دھون، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم میں’’ گبر‘‘ کے نام سے معروف شیکھردھون بائیں ہاتھ کے سلامی جارح بلے باز ہیں، جبکہ دائیں ہاتھ سے گیند بازی کرنے کا ہنر بھی رکھتے ہیں۔ اس کھلاڑی نے اپنے بل بوتے پر بہترین بلے کرکے ہندوستان کی جھولی میں کئی ایسے میچ ڈالے ہیں، جہاں ہندوستان بحران کا شکار تھا۔ اپنی دمدار اور جارح بلے بازی کی وجہ سے ان کا شمار دنیا کے بہترین سلامی بلے بازوں میں کیا جاتا ہے۔

شیکھردھون 5 دسمبر 1985 کو ایک پنجابی ہندو گھرانے میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی اسکولی تعلیم دہلی کے پچھم وہار کے سینٹ مارکس سینئر سیکنڈری پبلک اسکول سے مکمل کی۔ کرکٹ کا شوق نوعمری میں ہی ہوگیا تھا۔ ایک روز اپنے کزن کو سونیٹ کلب کے لیے کھیلتے دیکھ کر ان کے اندر کرکٹ کا جذبہ پیدا ہوگیا۔ جس کے بعد ان کے والدین نے دھون کو 12 سال کی عمر میں سونیٹ کلب میں داخل کرایا۔ کوچ تارک سنہا نے انہیں کرکٹ کی تربیت دینی شروع کی۔ ابتدائی دور میں وہ کلب میں وکٹ کیپر کی حیثیت سے کھیلتے رہے لیکن بعد میں انہوں نے بلے بازی کی جانب زیادہ توجہ دی۔


ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے دوران اکثر سلیکٹرز کی طرف سے انہیں نظر انداز کیا جاتا تھا۔ اس عدم توجہی کے سبب وہ کافی مایوس ہوگئے اور انہوں نے ایک مرتبہ تو کرکٹ کھیلنے کا اپنا ارادہ تک ترک کر دیا تھا۔ لیکن کچھ وقت گزرنے کے بعد انہوں نے اپنے کھیل کے اندر بہتری لاکر سب کو خوش کر دیا۔

اس کے بعد سے انہوں نے ایک اچھا کرکٹر بننے کے لیے سخت مشقت کی۔ پھر اپنے کھیل کا بہترین مظاہرہ پیش کرتے ہوئے کلب کے لیے انڈر 15 ٹورنامنٹ میں سنچری بنائی۔ پھر دھون کے کھیل میں مسلسل سدھار ہوتا رہا جس سے سلیکٹر کی توجہ ان کی طرف زیادہ ہونے لگی۔ انہیں پہلی مرتبہ سال 1999 میں وجے مرچنٹ ٹرافی میں دہلی کے لیے کھیلنے کا موقع ملا۔ وہ وجے مرچنٹ ٹرافی میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی رہے۔ اس سیریز میں دہلی رنر اپ رہا۔ دھون نے اپنی شاندار بلے بازی کا نمونہ پیش کیا اور 9 اننگز میں 83.88 کی اوسط سے دو سنچریوں کی مدد سے 755 رن بنائے۔ دہلی کے لیے ان کی شاندار کارکردگی نے انھیں 2000 میں انڈر 17 ایشیا کپ کے لیے ہندوستان کے انڈر 17 اسکواڈ میں منتخب کیا۔ اس کے بعد دھون کو بنگلہ دیش میں 2004 کے انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے بھی منتخب کیا گیا جس میں وہ سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی کے طور پر ابھرے۔ انہوں نے 7 اننگز میں 505 رنز بنائے۔ یہ اب بھی کسی ایک ٹورنامنٹ کا ریکارڈ ہے۔ شیکھردھون ایک ہندوستانی کرکٹر ہے جو بین الاقوامی کرکٹ میں ہندوستان کے لئے اور گھریلو کرکٹ میں دہلی کے لئے کھیلتا ہے۔


شیکھر دھون نے اکتوبر 2010 میں وشاکھاپٹنم میں آسٹریلیا کے خلاف اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا۔ ان کا ٹیسٹ ڈیبیو مارچ 2013 میں اسی ٹیم کے خلاف موہالی میں ہوا، جہاں انہوں نے ٹیسٹ ڈیبیو پر کسی بھی بلے باز کی تیز ترین سنچری بنائی اور 174 گیندوں پر 187 رنز بنا کر اپنی اننگز کا خاتمہ کیا۔ اپنی اسٹائلش بلے بازی کے علاوہ وہ اپنی اسٹائلش مونچھوں اور ہیئر اسٹائل کے لیے بھی جانے جانے لگے۔ اس کے دوست احباب انہیں پیار سے ’’گبر‘‘ کہہ کر پکارتے ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کے علاوہ شیکھر آئی پی ایل میں دہلی کیپٹلس کے لیے کھیلتے ہیں۔

ہندوستان، دکن چارجرز، دہلی، دہلی کیپٹلز، دہلی انڈر 16، انڈیا اے، انڈیا بی، انڈیا بلیو، انڈیا ایمرجنگ پلیئرز، انڈیا گرین، انڈیا ماسٹرز، انڈیا ریڈ، انڈیا سینئرز، انڈیا انڈر 19، انڈین بورڈ پریذیڈنٹ الیون، ممبئی اے، ممبئی انڈینز، نارتھ زون، ریسٹ آف انڈیا، سن رائزرز حیدرآباد اور یو ڈبلیو آئی وائس چانسلرز الیون کے لئے بھی انہوں نے اپنی خدمات انجام دیں۔


اس کے علاوہ انہوں نے نومبر 2004 میں دہلی کے لیے آندھرا پردیش کے خلاف اپنا فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا۔ رنجی ٹرافی میں اپنے پہلے سیزن میں، دھون دہلی کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے، انہوں نے 6 میچوں میں 461 رنز بنائے۔ 2005-06 میں چیلنجر ٹرافی میں، وہ انڈیا بی ٹیم کے لیے بھی کھیلے۔ انہوں نے اپریل 2008 میں دہلی ڈیئر ڈیولز کے لیے آئی پی ایل کا آغاز کیا اور ٹیم کے لیے چار نصف سنچریاں بنائیں۔ 2013 کے آئی پی ایل کے آغاز سے قبل انہیں سن رائزرز حیدرآباد کا کپتان بنایا گیا تھا۔

انڈر۔19 ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کا سہرا بھی دھون کو جاتا ہے۔ انہوں نے سال 2004 میں 7 اننگز میں 505 رن بنائے۔ آئی سی سی ون ڈے ٹورنامنٹ (16 اننگز) میں تیز ترین 1000 رنز تک پہنچنے والے وہ واحد کھلاڑی ہیں۔ ٹیسٹ ڈیبیو میں اب تک کی تیز ترین سنچری 2013 میں آسٹریلیا کے خلاف 85 گیندوں پر 187رن بھی دھون نے ہی بنائے ہیں۔ سال 2015 کے آئی سی سی ورلڈ کپ میں کسی ہندوستانی کھلاڑی کے سب سے زیادہ، یعنی 8 اننگز میں 412 رن بھی دھون کے حصے میں آئے ہیں۔


آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں لگاتار 2 گولڈن بلے حاصل کرنے والے پہلے کرکٹر ہیں۔ شیکھردھون ویراٹ کوہلی کے بعد دوسرے تیز ترین بلے باز ہیں جنہوں نے ایک روزہ میچوں میں 4000 اور 5000 رن مکمل کیے ہیں۔ شیکھردھون نے ٹی۔20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ہندوستان کے لیے ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔ شیکھر دھون اپنے 100ویں ون ڈے میں سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی بلے باز ہیں۔ شیکھر دھون آئی پی ایل کی تاریخ میں لگاتار دو سنچریاں بنانے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔ انہیں 2013 کے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ان کے کارناموں پر 'پلیئر آف دی ٹورنامنٹ' سے نوازا گیا اور وہ سچن تندولکراور یوراج سنگھ کے بعد آئی سی سی ٹورنامنٹ میں یہ اعزاز جیتنے والے تیسرے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔