دوسرا ٹیسٹ: ہندوستان نے لارڈز پر انگلینڈ کو 151 رنز سے شکست دی

محمد شامی اور جسپریت بمراہ کی عمدہ اننگز کے بعد محمد سراج اور بمراہ کی مہلک بولنگ سے ہندوستان نے انگلینڈ کو پانچویں اور آخری دن دوسری اننگز میں 120 رنز بناکر آؤٹ کر کے دوسرا ٹیسٹ 151 رنز سے جیت لیا

ٹیم انڈیا / بی سی سی آئی / ٹوئٹر
ٹیم انڈیا / بی سی سی آئی / ٹوئٹر
user

یو این آئی

لندن: محمد شامی (56 ناٹ آؤٹ) اور جسپریت بمراہ (ناٹ آؤٹ 34) کی عمدہ اننگز کے بعد ، محمد سراج (32 پر 4) اور بمراہ (33 میں 3) کی مہلک بولنگ سے ہندوستان نے انگلینڈ کو پانچویں اور آخری دن پیر کو دوسری اننگز میں 120 رنز بناکر آؤٹ کرکے دوسرا ٹیسٹ 151 رنز کے بڑے مارجن سے جیت کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

ہندوستان کے پاس ٹرینٹ برج پر بھی پہلا ٹیسٹ جیتنے کا اچھا موقع تھا ، لیکن آخری دن کا کھیل بارش کی وجہ سے دھل گیا ، لیکن ہندوستان نے لارڈز میں میچ جیت لیا۔ انڈیا نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 272 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن میزبان ٹیم آخری دن ہندوستانی بولرز کے خلاف کھڑی نہ ہو سکی اور 51.5 اوورز میں 120 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔


بلے سے ہاتھ دکھانے کے بعد بمراہ نے بھی گیند سے ہاتھ دکھایا اور 15 اوورز میں 33 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کی۔ سراج نے 10.5 اوورز میں 32 رنز دے کر زیادہ سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں۔ ایشانت شرما نے 10 اوورز میں 13 رنز دے کر دو جبکہ صبح ہندوستان کی دوسری اننگز میں ناقابل شکست 56 رنز بنانے والے شامی نے 10 اوورز میں 13 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کی اننگز میں اس کے کپتان جو روٹ نے سب سے زیادہ 33 رنز بنائے۔

قبل ازیں فاسٹ بولر محمد شامی(ناٹ آؤٹ 56) اور جسپریت بمراہ (ناٹ آؤٹ 34) کی شاندار اور بہترین اننگز کی بدولت ہندوستان نے پیر کے روز انگلینڈ کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کےپانچویں اور آخری دن لنچ کے کچ دیربعد اپنی دوسری اننگ آٹھ وکٹ پر 298 رن بناکر ڈیکلیئرکردی۔اورانگلینڈ کے سامنے جیت کے لئے 272 رن کاہدف رکھا۔


شامی اوربمراہ نے نویں وکٹ کی ناٹ آوٹ شراکت داری میں 89 رن جوڑے۔ ہندوستان نے لنچ کے کچھ دیر بعد اپنی دوسری اننگ 298 رن پر ڈیکلیئرکردی۔ شامی نے 70 گیندوں پر ناٹ آوٹ 56 رن میں پانچ چوکے اور ایک چھکالگایا جبکہ بمراہ نے 64 گیندوں پر ناٹ آوٹ 34 رن میں تین چوکے لگائے۔

شامی نے آف اسپنرمعین علی کی گیند پر لمبا چھکا لگا کر اپنی دوسری نصف سنچری مکمل کی۔ اس کے بعد انہوں نے 2014 میں ناٹنگھم میں اپنے سابقہ بہترین 51 رنز کے اسکور کو پیچھے چھوڑ دیا۔ شامی لنچ تک 67 گیندوں پر ناقابل شکست 52 رنزمیں دوچوکے اور ایک چھکا لگاچکے تھے۔ دوسرے سرے پر بمراہ نے بھی غضب کاحوصلہ دکھاتے ہوئے 58 گیندوں پرناٹ آوٹ 30 رن میں دوچوکے لگائے تھے۔ دونوں کے درمیان لنچ تک نویں وکٹ کے لئے 77 رن کی سب سے زیادہ شراکت داری ہوچکی تھی۔ ہندوستان نے صبح کے سیشن میں دووکٹ گنوائے اور 105 رن کااضافہ کیا۔


ہندوستان نے صبح چھ وکٹ پر 181 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ بھارت ابھی انگلینڈ سے 154 رنزہی آگے تھا اور ہندوستان کے میچ میں ساری امیدیں کل 14 رن پرناٹ آوٹ وکٹ کیپر رشبھ پنت پر ٹکی ہوئی تھیں۔ پنت نے صبح دوسری نئی گیند کے ساتھ بولنگ کر رہے جیمزاینڈرسن پرکریز سے آگے نکل کر کورمیں بہترین چوکا مارا۔ لیکن اولی رابسن کے اگلے اوورمیں باہر نکلتی گیند پربلا لگاکر وکٹ کیپر جوس بٹلر کوکیچ تھمابیٹھے۔ پنت نے 46 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 22 رنز بنائے۔ نئے بلے باز ایشانت شرما نے 26 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 16 رنز بنائے۔ انہیں رابنسن نے ایل بی ڈبلیوکیا۔

ہندوستان کاآٹھواں وکٹ 209 کے اسکور پر گرا۔ اس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ ہندوستان کی اننگ جلد سمٹ جائے گی لیکن شامی اور بمراہ نے جوابی حملہ کرتے ہوئے الٹا انگلینڈ کے گیندبازوں پردباوبنادیا۔ انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے اپنی فیلڈنگ کو پھیلادیا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دونوں بلے بازوں نے آسانی سے رنز بنائےاور بھارت کو لنچ تک 259 رنز کی برتری دلادی۔ ہندوستان نے لنچ کے بعد اپنی برتری کو 271 رن پہنچاکر اپنی دوسری اننگ ڈیکلیئر کردی۔

انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ نے 51 رنز پرتین، رابنسن نے 45 پردو، معین نے 84 رن دے کردو اور سیم کیرن نے 42 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کیا۔ پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں لینے والے جیمز اینڈرسن کو 53 رنز پر کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔