گانگولی کی نئی اننگ کا آغاز، ’بی سی سی آئی‘ کو نئی شروعات دینے کا وعدہ

سابق ہندوستانی کپتان سورو گانگولی نے بدھ کو بی سی سی آئی کے 39 ویں صدر کا عہدہ سنبھالنے کے ساتھ ہی وعدہ کیا کہ وہ بی سی سی آئی کو نئی شروعات دیں گے اور ہندوستانی کرکٹ کو بہتر بنائیں گے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: سابق ہندوستانی کپتان سورو گانگولی نے بدھ کو ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے 39 ویں صدر کا عہدہ سنبھالنے کے ساتھ ہی وعدہ کیا کہ وہ بی سی سی آئی کو نئی شروعات دیں گے اور ہندوستانی کرکٹ کو بہتر بنائیں گے۔

گانگولی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد ممبئی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بی سی سی آئی اور ہندوستانی کرکٹ سے متعلق متعدد سوالوں کے جواب دیئے۔ گانگولی نے کہا کہ وہ خود کو بہت خوش قسمت سمجھتے ہیں اور جس عہدے پر وہ فائز ہوئے ہیں اس پر اپنے طریقے سے کام کرتے ہوئے بی سی سی آئی کو ایک نئی شروعات دیں گے اور اس کی بہتری کے لئے کام کریں گے۔

اس کے علاوہ گانگولی نے کہا ، ’’ہم یہاں چیزوں کو آسان بنانے کے لیے ہیں انہیں مشکل بنانے کے لیے نہیں۔ کارکردگی سب سے اہم چیز ہے اور ہندوستانی کرکٹ کا مستقبل اسی پر منحصر ہے۔ اس پورے تناظر میں وراٹ سب سے اہم شخص ہیں اور ان کی حمایت کی جائے گی اور وہ جو کہیں گے اسے سنا جائے گا۔ میں خود کپتان رہا ہوں تو میں سمجھتا ہوں۔ باہمی احترام، آراء اور تبادلہ خیال ہوگا۔ اس کے علاوہ ہم وہی کریں گے جو کھیل کے لئے اچھا ہے۔‘‘

سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کے ریٹائرمنٹ سے متعلق سوالوں کے جواب دیتے ہوئے گانگولی نے کہا کہ جب تک وہ اس عہدے پر ہیں ہر کھلاڑی کا احترام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ، ’’دھونی ہندوستانی کرکٹ کے بہترین کھلاڑی ہیں۔ کسی کے ریکارڈ کو دیکھ کر ہی ان کی تعریف کی جاسکتی ہے۔ جو لوگ چیمپئن ہیں وہ اتنی جلدی ختم نہیں ہوتے ہیں۔‘‘


بی سی سی آئی کی میٹنگ میں گانگولی کو باقاعدہ طور پر بورڈ کا صدر مقرر کر دیا گیا۔ اپنی کپتانی کے وقت کا بلیجر پہنے ہوئے گانگولی نے بی سی سی آئی کے عہدہ صدرات سنبھال لیا۔ ہندستانی کرکٹ بورڈ کے گزشتہ 65 برسوں کی تاریخ میں وہ پہلے سابق کرکٹر ہیں جنہیں اس ادارے کے سربراہ کا عہدہ سونپا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی گزشتہ 33 مہینے سے سپریم کورٹ کے ذریعہ مقرر منتظمین کی کمیٹی جو بی سی سی آئی کا کام کاج سنبھال رہی تھی، اس کی کی مدت ہندوستانی کپتان کی تقرری کے ساتھ ختم ہو گئی۔ گانگولی نے بورڈ کے ریٹرننگ افسر این گوپال سوامی کی موجودگی میں اپنا عہدہ سنبھالا۔ بی سی سی آئی کے کارگزار صدر سی کے کھنہ نے گانگولی کو ان کا عہدہ سونپا۔

گانگولی کی نئی اننگ کا آغاز، ’بی سی سی آئی‘ کو نئی شروعات دینے کا وعدہ

47 سالہ سابق کرکٹر نے سال 1996 میں ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں اور سال 1992 میں ون ڈے ٹیم میں ڈیبیو کیا تھا۔ ملک کے سب سے زیادہ کامیاب کپتانوں میں شمار گانگولی کے نام 113 ٹسٹوں میچوں میں 7212 رن اور 311 ون ڈے میں 15416 رنز درج ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔