ایک آئی پی ایل میچ میں پریتی زنٹا کے کہنے پر بدل دیا گیا پلیئر آف دی میچ، سندیپ شرما کا حیرت انگیز انکشاف

تیز گیندباز سندیپ شرما نے انٹرویو میں بتایا کہ ایک آئی پی ایل میچ میں، جو کہ بنگلورو میں کھیلا گیا تھا، پریتی زنٹا نے روی شاستری سے کہہ کر پلیئر آف دی میچ ہی بدلوا دیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>آئی پی ایل میچ سے محظوظ ہوتی ہوئیں پریتی زنٹا، تصویر ’ایکس‘،&nbsp;<a href="https://x.com/realpreityzinta">@realpreityzinta</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

آئی پی ایل 2025 میں پنجاب کنگز کی کارکردگی کو سبھی نے بے حد پسند کیا تھا۔ یہ ٹیم فائنل تک پہنچی تھی، لیکن خطابی جنگ میں اسے آر سی بی نے شکست دے دی۔ اس آئی پی ایل میں پنجاب کنگز کو صرف کرکٹ شیدائیوں کی ہی بے پناہ محبت نہیں ملی، بلکہ ٹیم کی مالکن پریتی زنٹا نے بھی اپنے کھلاڑیوں کی خوب حوصلہ افزائی کی۔ وہ ہر میچ میں ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود رہتی تھیں۔ اب پریتی زنٹا کے تعلق سے ایک ہندوستانی تیز گیندباز نے ایسا انکشاف کیا ہے، جو حیران کرنے والا ہے۔ یہ تیز گیندباز کوئی اور نہیں، سندیپ شرما ہیں۔ انھوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ کس طرح پریتی زنٹا کے کہنے پر ’پلیئر آف دی میچ‘ ہی بدل دیا گیا۔

سندیپ نے انٹرویو میں بتایا کہ ایک آئی پی ایل میچ میں، جو کہ بنگلورو میں کھیلا گیا تھا، وہاں پریتی زنٹا نے روی شاستری سے کہہ کر ’پلیئر آف دی میچ‘ ہی بدلوا دیا تھا۔ سندیپ شرما نے کہا کہ ’’میں نے بنگلورو میں ہوئے ایک آئی پی ایل میچ میں نئی گیند سے 3 وکٹ لیے تھے۔ وراٹ کوہلی، اے بی ڈیولیئرس اور کرس گیل کو میں نے اس میچ میں آؤٹ کیا تھا۔ لیکن اس میچ میں اکشر پٹیل پلیئر آف دی میچ بننے والے تھے، کیونکہ انھوں نے 2 وکٹ لینے کے ساتھ ساتھ 25 رن بھی بنائے تھے۔ پھر پریتی میم نے روی شاستری سے کہا کہ پلیئر آف دی میچ سینڈی (سندیپ شرما) ہونا چاہیے۔‘‘


سندیپ شرما نے پریتی زنٹا کے ساتھ ساتھ شریئس ایر سے متعلق ایک سوال کا بھی جواب دیا۔ انھوں نے کہا کہ کسی ٹیم کو آئی پی ایل فائنل میں پہنچانے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ ہندوستان کے کپتان بھی بن جائیں گے۔ سندیپ نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ ایک الگ ہی چیلنج ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’شریئس ایر کو کپتان بنانے کی بات ہو رہی ہے، کیونکہ انھوں نے آئی پی ایل میں اپنی ٹیم کو فائنل تک پہنچایا تھا۔ یہ بات ہی بے معنی ہے۔ سوریہ کمار یادو کسی آئی پی ایل ٹیم کی کپتانی نہیں کر رہے ہیں، لیکن ہندوستانی ٹیم کے کپتان ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ کوئی ایشو ہی نہیں ہے۔ ہندوستانی ٹیم ایک بالکل الگ ٹیم ہے، لوگوں کو یہ بات سمجھنی چاہیے۔‘‘

واضح رہے کہ 32 سالہ سندیپ شرما نے ہندوستان کے لیے 2 ٹی-20 میچ کھیلے ہیں۔ آئی پی ایل کی بات کریں تو انھوں نے 3 ٹیموں کے لیے مجموعی طور پر 146 وکٹ حاصل کیے ہیں۔ ان کا اکونومی ریٹ 8.03 رن فی اوور ہے۔ سندیپ شرما کو وراٹ کوہلی کا وکٹ لینے کے لیے جانا جاتا ہے۔ وہ وراٹ کوہلی کو ہمیشہ اپنی گیندبازی سے پریشانی میں ڈالتے رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔