روہت-وراٹ کا بہترین فارم برقرار، ہندوستان نے تیسرے وَنڈے میں جنوبی افریقہ کو بہ آسانی شکست دے کر سیریز پر کیا قبضہ
تیسرے ونڈے میں جنوبی افریقہ نے ہندوستان کے سامنے جیت کے لیے 271 رنوں کا ہدف رکھا تھا، جسے ہندوستانی ٹیم نے محض ایک وکٹ کے نقصان پر 40ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 وَنڈے میچوں کی سیریز جب شروع ہوئی تھی تو سبھی کے ذہن میں ایک ہی سوال تھا، ’کیا روہت-وراٹ اپنے بلے سے ناقدین کا منھ بند کریں گے؟‘ سیریز ختم ہوتے ہی اس کا جواب بھی مل گیا ہے۔ ان دونوں ہی کھلاڑیوں نے اپنی کارکردگی سے نہ صرف ناقدین کا منھ بند کیا ہے، بلکہ ان لوگوں کو بھی خاموش کر دیا ہے جو انھیں وَنڈے عالمی کپ 2027 کی ٹیم سے باہر تصور کر رہے تھے۔ تیسرے وَنڈے میں بھی روہت اور وراٹ دونوں نے ہی نصف سنچری بنائی۔ غور کرنے والی بات یہ رہی کہ دونوں ہی بلے بازی کسی بھی گیندباز کے سامنے مشکل میں نہیں دکھائی دیے۔ سلامی بلے باز روہت شرما جہاں 73 گیندوں پر 75 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، وہیں وراٹ نے تو طوفانی انداز اختیار کرتے ہوئے محض 45 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 65 رن بنا ڈالے۔ اس سیریز میں کوہلی نے 2 سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے مجموعی طور پر 302 رن بنائے، جس کے لیے انھیں پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
آج وشاکھاپٹنم میں کھیلے گئے تیسرے وَنڈے مقابلے میں ہندوستانی کپتان کے ایل راہل نے ٹاس جیتا۔ ان کا ٹاس جیتنا بھی سرخیوں میں رہا، کیونکہ وَنڈے مقابلے میں لگاتار 20 ٹاس ہارنے کے بعد ہندوستانی کپتان کو ٹاس جیتنا نصیب ہوا۔ مسکراتے چہرے کے ساتھ راہل نے پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ نے ریان ریکلٹن کی شکل میں پہلا وکٹ گرنے کے بعد بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، لیکن آخر میں ہندوستانی گیندبازوں نے زبردست واپسی کی اور مہمان ٹیم کو 270 رنوں تک محدود کر دیا۔ کلدیپ یادو اور پرشدھ کرشنا نے 4-4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 1-1 وکٹ عرشدیپ سنگھ اور رویندر جڈیجہ کو ملے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈیکاک نے سب سے زیادہ 106 رنوں کی اننگ کھیلی۔ انھوں نے 89 گیندوں پر 6 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے یہ رن بنائے۔ کپتان ٹیمبا بووما نے 67 گیندوں پر 48 رنوں کی اننگ کھیلی۔ ان دونوں کے درمیان دوسرے وکٹ کے لیے 113 رنوں کی شراکت داری ہوئی۔ ان دونوں کے علاوہ مزید کوئی بلے بازی بڑی اننگ نہیں کھیل سکا۔ ڈیوالڈ بریوس نے 29 رن، میتھیو بریتزکے نے 24 رن اور کیشو مہاراج نے ناٹ آؤٹ 20 رنوں کا تعاون کیا۔ باقی بلے باز میدان پر زیادہ دیر ٹھہرنے میں ناکام رہے۔ بڑی مشکل سے جنوبی افریقہ کی ٹیم 47.5 اوورس میں 270 رن بنانے میں کامیاب ہوئی، جو رنوں سے بھرے ہوئے اس میدان میں بہت کم نظر آ رہے تھے۔
ہندوستانی کی سلامی جوڑی یشسوی جیسوال اور روہت شرما نے پہلے وکٹ کے لیے شاندار 155 رنوں کی شراکت داری کی۔ روہت شرما آج زبردست فارم میں دکھائی دے رہے تھے۔ یشسوی کی بلے بازی کچھ سست تھی اور وہ کئی بار مشکل میں بھی دکھائی دیے، لیکن روہت نے ان پر کسی طرح کا دباؤ نہیں بننے دیا۔ جب بھی موقع ملا، روہت نے باؤنڈری لگا کر دباؤ کو ہٹایا۔ روہت نے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 75 رنوں کی اننگ کھیلی۔ روہت کے آؤٹ ہونے کے بعد یشسوی نے جارحانہ رخ اختیار کیا، اور پھر ان کی بلے بازی کا ایک نیا رنگ دیکھنے کو ملا۔ لیکن وراٹ کوہلی اُن سے بھی زیادہ رنگ میں دکھائی دیے۔ یہ دونوں کھلاڑی ہندوستانی ٹیم کو جیت دلا کر ہی میدان سے باہر گئے۔ ہندوستان نے یہ جیت 39.5 اوورس میں ہی حاصل کر لی۔ کوہلی نے جہاں 65 رن بنائے، وہیں یشسوی نے 121 گیندوں پر 2 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے شاندار 116 رنوں کا تعاون کیا۔ یہ ان کی وَنڈے میں پہلی سنچری بھی ہے۔ اس بہترین اننگ کے لیے یشسوی کو پلیئر آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
تیسرے وَنڈے میں جیت کے ساتھ ہندوستانی ٹیم نے 3 میچوں کی اس سیریز پر 1-2 سے قبضہ کر لیا ہے۔ پہلے ونڈے میں ہندوستانی ٹیم کو جیت ملی تھی اور دوسرے ونڈے میں جنوبی افریقہ کی ٹیم فتحیاب ہوئی تھی۔ آج کا میچ جیتنے والی ٹیم سیریز پر قابض ہوتی، اور اس میچ کو پہلے ہندوستانی گیندبازوں نے اپنی طرف کھینچا، پھر ہندوستانی بلے بازوں نے یکطرفہ بنا دیا۔ کے ایل راہل کی کپتانی میں یہ دوسرا موقع ہے جب جنوبی افریقہ کو سیریز میں 1-2 سے شکست ملی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔