کٹک میں انگلینڈ کے خلاف روہت کی طوفانی اننگ، ہندوستان نے ون ڈے سیریز جیت لی
ہندوستان نے انگلینڈ کو دوسرے ون ڈے میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-0 سے جیت لی۔ روہت نے 119 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انگلینڈ نے 305 رنز کا ہدف دیا تھا، جسے ہندوستان نے 44.3 اوورز میں حاصل کر لیا

تصویر بشکریہ ایکس
کٹک کے بارابتی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں ہندوستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دی اور تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابلِ تسخیر برتری حاصل کر لی۔
اتوار کو کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں 304 رنز بنائے۔ جواب میں ہندوستان نے 44.3 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے شاندار سنچری بنائی، جبکہ دیگر بلے بازوں نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے روہت شرما کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ہندوستانی کپتان روہت شرما نے 90 گیندوں پر 119 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 12 چوکے اور 7 شاندار چھکے شامل تھے۔ انہوں نے صرف 76 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔ یہ ان کی ون ڈے کیریئر کی 32ویں سنچری تھی۔
اس دوران روہت نے کئی ریکارڈز بھی توڑے۔ 22 رنز پر پہنچتے ہی انہوں نے راہل دراوڑ کے ون ڈے میں سب سے زیادہ رنز کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اس کے علاوہ، انہوں نے کرس گیل کا سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، جو ون ڈے میں 331 چھکے لگا چکے تھے۔
شبھمن گل نے 52 گیندوں پر 60 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ شریئس ائیر نے 44 رنز بنائے جبکہ اکشر پٹیل نے 41 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ ہندوستانی بلے بازوں کے سامنے انگلینڈ کے گیند باز بے بس نظر آئے۔ جیمی اوورٹن نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ گس ایٹکنسن، عادل رشید اور لیام لیونگسٹون نے 1-1 وکٹ لی۔
قبل ازیں، انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ اوپنر بین ڈکٹ نے 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ جو روٹ نے 69 رنز بنائے۔ کپتان جوس بٹلر نے 34 اور ہیری بروک نے 31 رنز بنائے۔ لیام لیونگسٹون نے بھی 41 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
ہندوستانی گیند بازوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ رویندر جڈیجہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد شامی، ہرشت رانا، ہاردک پانڈیا اور ورون چکرورتی نے ایک ایک وکٹ لی۔
اس فتح کے ساتھ ہی ہندوستان نے تین میچوں کی سیریز 2-0 سے جیت لی۔ اس سے قبل پہلا میچ بھی ہندوستان نے 4 وکٹوں سے جیتا تھا۔ روہت شرما کی کپتانی میں ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھائی اور چیمپئنز ٹرافی سے قبل اپنی تیاریوں کو مضبوط کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔