ریٹائرمنٹ کی افواہوں کو مسترد کرنے والے روہت شرما کے مستقبل کے حوالے سے جلد لیا جائے گا فیصلہ، نگاہیں عالمی کپ 2027 پر
’کرک بز‘ کی رپورٹ کے مطابق روہت شرما 2027 ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے معاون کوچ ابھشیک نائر کے ساتھ مل کر اپنی فٹنس، بلے بازی اور ایپروچ پر کام کر رہے ہیں۔

روہت شرما اور ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر، تصویر@GautamGambhir
روہت شرما کی قیادت میں چمپئنز ٹرافی پر قبضہ جمانے والی ہندوستانی ٹیم اب اپنے اگلے مشن کی تیاری میں مصروف ہو گئی ہے۔ ٹیم کے کپتان روہت شرما کو ابھشیک نائر کے ساتھ اپنی فٹنس پر کام کرتے دیکھا گیا ہے۔ اس درمیان سب سے بڑا سوال لوگوں کے ذہن میں یہ ہے کہ کیا روہت شرما ٹیم انڈیا کی اگلی سیریز (انگلینڈ دورہ پر) کا حصہ ہوں گے؟ اس کا فیصلہ کب لیا جائے گا؟ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں روہت شرما کھیلیں گے یا نہیں اس پر حتمی فیصلہ آئی پی ایل کے بعد لیا جائے گا۔ روہت شرما آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کی جانب سے کھیلتے نظر آئیں گے اور اس دوران ان کی فٹنس کو دیکھنے کے بعد ہی انگلینڈ دورے کے لیے ان کے نام پر غور کیا جائے گا۔ چونکہ روہت شرما نے آسٹریلیا دورے پر آخری ٹیسٹ میچ سے خود کو الگ رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، اس لیے خاص طور سے ٹیسٹ ٹیم میں ان کے انتخاب پر سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔ روہت کی غیر موجودگی میں جسپریت بمراہ نے ٹیم کی قیادت کی تھی۔
’کرک بز‘ کی رپورٹ کے مطابق روہت شرما 2027 ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے معاون کوچ ابھشیک نائر کے ساتھ مل کر اپنی فٹنس، بلے بازی اور ایپروچ پر کام کر رہے ہیں۔ 2027 کے ٹورنامنٹ کے وقت ہندوستانی کپتان 40 سال کے ہو جائیں گے۔ حالانکہ روہت شرما نے اس ٹورنامنٹ کے لیے فٹ رہنے کا منصوبہ بنا لیا ہے اور قبل از وقت ہی تیاری شروع کر دی ہے۔ واضح ہو کہ ہندوستانی کپتان روہت شرما نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا ہے۔ چمپئنز ٹرافی کے بعد انہوں نے یہ تو نہیں کہا کہ وہ 2027 وَنڈے عالمی کپ کھیلنا چاہتے ہیں یا نہیں، لیکن یہ ضرور صاف کر دیا کہ وہ فی الحال وَنڈے فارمیٹ کو الوداع نہیں کہنے جا رہے۔
قابل ذکر ہے کہ روہت شرما نے حال ہی میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت دلائی تھی۔ گروپ اسٹیج اور سیمی فائنل میں اوسط کارکردگی کے بعد انہیں فائنل میں بہترین کارکردگی کے لیے مین آف دی میچ کا ایوراڈ دیا گیا تھا۔ اب اگر روہت شرما بڑھتی عمر کے ساتھ اپنی فٹنس پر کام کرتے رہے تو ان کا 2027 ون ڈے ورلڈ کپ میں کھیلنا کوئی مشکل بات نہیں ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ روہت شرما کے بلے سے رن نکلنے کم نہیں ہوئے ہیں۔ اب بھی گیند بازوں پر ان کا خوف حسب سابق طاری رہتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔