مہندر سنگھ دھونی جیسا دوسرا کوئی نہیں :روہت

حال ہی میں سریش رینا نے روہت شرما کے بارے میں کہا تھا کہ وہ پرسکون ہیں ، دوسرے کھلاڑیوں کی باتیں سننا پسند کرتے ہیں اوروہ ان کا اعتماد بلند رکھتے ہیں ۔

تصویر سوشل میڈیا ٹویٹر
تصویر سوشل میڈیا ٹویٹر
user

یو این آئی

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان روہت شرما نے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کے ساتھ اپنے موازنہ کوغلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہندر سنگھ دھونی جیسا دوسرا کوئی کھلاڑی نہیں ہوسکتا واضح رہے کہ حال ہی میں سریش رینا نے روہت کا دھونی سے موازنہ کیا تھا۔اتوار کے روز فرینڈشپ ڈے کے موقع پر روہت نے مداحوں کے ساتھ ٹویٹر پر ایک سوال و جواب کا سیشن کیا۔ اس میں ایک مداح نے پوچھا کہ رینا نے حال ہی میں آپ کا دھونی سے موازنہ کیا ہے ، کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ آپ دوسرے کپتانوں سے کتنے مختلف ہیں؟اس پر روہت نے جواب میں کہا کہ ہاں میں نے سریش رینا کا بیان سنا ہے۔ ایم ایس دھونی ایک مختلف قسم کے کھلاڑی ہیں اور کوئی بھی ان جیسا نہیں ہوسکتا ہے۔ میرا خیال ہے کہ اس طرح کا موازنہ نہیں ہونا چاہئے۔ ہر شخص مختلف ہوتا ہے اور اس کی طاقت اور کمزوری بھی مختلف ہوتی ہے۔

حال ہی میں سریش رینا نے ایک پوڈ کاسٹ میں کہا تھا کہ ہندستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر روہت شرما دھونی کی جگہ لے سکتے ہیں۔ روہت میں بحیثیت کپتان دھونی جیسی تمام خصوصیات موجود ہیں۔ وہ پرسکون ہیں ، دوسرے کھلاڑیوں کی باتیں سننا پسند کرتے ہیں اوروہ ان کا اعتماد بلند رکھتے ہیں ۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ بحیثیت کپتان وہ خود آگے آکر قیادت کرتے ہیں۔ جب آپ کا کپتان چیلنجوں کا سامنا کرنے سامنے آتا ہے تو اس کے ساتھی کھلاڑیوں کو بھی ان چیلنجوں کا سامنا کرنے کی ترغیب ملتی ہے اسی سے ڈریسنگ روم کا ماحول بھی اچھی طرح سے برقرار رہتا ہے ، تب ایک ٹیم کی حیثیت سے آپ کے پاس سب کچھ موجود ہوتا ہے۔


رینا نے کہا تھا کہ روہت ٹیم کے ہر کھلاڑی کو کپتان سمجھتے ہیں۔ میں نے انہیں قریب سے دیکھا ہے۔ جب میں نے بنگلہ دیش میں ایشیا کپ جیتا تھا تو میں ان کی کپتانی میں کھیلا تھا۔ میں نے دیکھا کہ انہوں نے نوجوان کھلاڑی شاردل ٹھاکر ، واشنگٹن سندر اور یجویندر چہل کے اعتماد کو کیسے بڑھایا۔روہت کی کپتانی میں ممبئی انڈینز 4 مرتبہ آئی پی ایل کا ٹائٹل جیت چکی ہے ، جبکہ دھونی کی قیادت میں چنئی تین بار چمپیئن بنی ہے۔ گذشتہ سال ہی ممبئی نے آئی پی ایل کے فائنل میں روہت کی کپتانی میں چنئی کو 1 رن سے شکست دے کر چوتھا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

روہت نے 10 ون ڈے میچوں میں ہندوستان کی کپتانی کی ہے اور ان میں سے آٹھ میں کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے 20 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بھی ٹیم کی کمان سنبھالی ہے۔ اس میں سے ہندوستان نے 16 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دھونی کی کپتانی میں ہندوستان نے 2007 کا ٹی 20 ورلڈ کپ ، 2011 ورلڈ کپ اور 2013 چمپئنز ٹرافی جیتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */