انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے پہلے دن روہت-جڈیجہ کی سنچری اور سرفراز کی نصف سنچری سے ہندوستان کی پوزیشن مضبوط

ہندوستان کے 3 وکٹ انگلش گیندبازوں نے محض 33 رن پر گرا دیے تھے، لیکن کپتان روہت شرما، رویندر جڈیجہ اور سرفراز خان کی بہترین اننگز کی بدولت ٹیم نے پہلے دن 5 وکٹ کے نقصان پر 326 رن بنا لیے۔

<div class="paragraphs"><p>روہت شرما اور رویندر جڈیجہ، تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>

روہت شرما اور رویندر جڈیجہ، تصویر@BCCI

user

قومی آوازبیورو

راجکوٹ: ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ آج سے گجرات کے راجکوٹ میں شروع ہوا۔ انگلش گیندبازوں کو شروعات تو اچھی ملی، لیکن روہت شرما، رویندر جڈیجہ کی سنچریوں اور سرفراز خان کی نصف سنچری کی مدد سے ہندوستانی ٹیم مضبوط پوزیشن میں پہنچ گئی ہے۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک ہندوستان نے پانچ وکٹ کے نقصان پر 326 رن بنا لیے ہیں۔ رویندر جڈیجہ اور نائٹ واچ مین کی شکل میں میدان پر اترے کلدیپ یادو ناٹ آؤٹ ہیں۔

آج ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کی شروعات خراب رہی اور چوتھے ہی اوور میں سلامی بلے باز یشسوی جیسوال محض 10 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ وہ مارک ووڈ کی گیند پر روٹ کے ہاتھوں میں کیچ تھما بیٹھے۔ نئے بلے باز شبھمن گل کو بھی ووڈ نے جلدی ہی وکٹ کیپر بین فاکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کر کے ہندوستان کو دوسرا جھٹکا دیا۔ گل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ رجت پاٹیدار بھی زیادہ کچھ نہیں کر سکے اور نویں اوور میں پانچ رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ ہندوستان کے 3 وکٹ محض 33 رن تک گر چکے تھے اور ٹیم مشکل میں نظر آ رہی تھی۔ ایسے میں کپتان روہت شرما اور رویندر جڈیجہ نے سنبھل کر کھیلنا شروع کیا اور لنچ کے وقت تک ہندوستان کا اسکور 3 وکٹ پر 93 رنز تک پہنچا دیا۔


لنچ کے بعد جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو کپتان روہت شرما اور رویندر جڈیجہ نے ہندوستانی اننگ کو کچھ رفتار عطا کی۔ دونوں بلے بازوں نے چوتھے وکٹ کے لیے 204 رن جوڑے۔ روہت شرما نے 196 گیندوں میں 14 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 131 رن کی شاندار اننگ کھیلی۔ انھیں مارک ووڈ نے کپتان اسٹوکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ اس کے بعد میدان میں اترے سرفراز خان انگلش گیندبازوں کی جیسے بخیا ہی ادھیڑ کر رکھ دی۔ شروع میں کچھ گیندیں سنبھل کر کھیلنے کے بعد پھر انھوں نے تیزی کے ساتھ رن بنانے شروع کر دیے۔ سرفراز خان نے ریکارڈ 48 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ بدقسمتی سے سرفراز 82ویں اوور میں 66 گیندوں پر 62 رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد ہندوستان کا مزید کوئی وکٹ نہیں گرا اور دن کا کھیل ختم ہونے تک ہندوستان نے 5 وکٹ کے نقصان پر 326 رن بنا لیے۔ رویندر جڈیجہ 212 گیندوں پر 110 رن اور کلدیپ یادو 10 گیندوں پر 1 رن بنا کر کریز پر موجود تھے۔

انگلینڈ کی گیندبازی کا جائزہ لیا جائے تو مارک ووڈ کے حصے میں 3 وکٹ آئے، لیکن انھوں نے 17 اوورس میں 69 رن بھی دیے۔ ایک وکٹ ٹام ہارٹلی کے حصے میں آیا جنھوں نے 23 اوورس میں 81 رن دیے۔ جیمس اینڈرس (19 اوورس میں 51 رن)، جو روٹ (13 اوورس میں 68 رن) اور ریحان احمد (14 اوورس میں 53 رن) وکٹ سے محروم رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔