آئی پی ایل 2024: بی سی سی نے بچے ہوئے شیڈول کا کیا اعلان، چیپاک میں کھیلا جائے گا فائنل

لوک سبھا انتخاب کے سبب بی سی سی آئی نے پہلے آئی پی ایل 2024 کے صرف 17 دنوں کے شیڈول کا اعلان کیا تھا، اب ووٹنگ کا مکمل شیڈول آنے پر آئی پی ایل کا بقیہ شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

آئی پی ایل، تصویر آئی اے این ایس
آئی پی ایل، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بی سی سی آئی کی طرف سے پی کے روز آئی پی ایل 2024 کے بقیہ شیڈول کا اعلان کر دیا گیا۔ اس کے مطابق آئی پی ایل 2024 کا پلے آف 21 مئی سے 24 مئی کے درمیان احمد آباد اور چنئی میں ہوں گے، جبکہ فائنل مقابلہ 26 مئی کو چنئی کے چیپاک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ہندوستان میں رواں سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے سبب بی سی سی آئی نے پہلے آئی پی ایل 2024 کے صرف 17 دنوں کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔ ایسے میں کرکٹ شیدائیوں کو باقی شیڈول کا بے صبری سے انتظار تھا۔ ان 17 دنوں کے دوران 7 اپریل تک لیگ کے مجموعی طور پر 21 میچ کھیلے جانے ہیں۔ اب بی سی سی آئی نے آئی پی ایل 2024 کے بقیہ میچوں کی شیڈول کو آخری شکل دیتے ہوئے اسی جاری کر دیا ہے۔


پیر کے روز جاری بقیہ شیڈول کے مطابق آئی پی ایل 2024 کا کوالیفائر 1 اور ایلیمنیٹر میچ 21 و 22 مئی کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جبکہ دوسرا کوالیفائر میچ اور لیگ کا فائنل مقابلہ بالترتیب 24 اور 26 مئی کو چنئی کے چیپاک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ بی سی سی آئی کے ایک افسر کے مطابق آئی پی ایل کونسل نے گزشتہ سال کے گزشتہ چمپئن (چنئی سپرکنگز) کے گھریلو میدان پر شروعاتی میچ اور فائنل میچ منعقد کرنے کی روایت پر عمل کیا ہے۔

بی سی سی آئی افسر کے مطابق گزشتہ آئی پی ایل سیزن میں نریندر مودی اسٹیڈیم میں شروعاتی میچ اور فائنل مقابلہ کھیلا گیا تھا کیونکہ آئی پی ایل 2022 کے سیزن میں گجرات ٹائٹنس چمپئن تھی۔ قابل ذکر ہے کہ آئی پی ایل 2024 کے لیگ اسٹیج میں تیسرے اور چوتھے مقام پر رہنے والی ٹیموں کے درمیان ایلیمنیٹر میچ ہوگا۔ کوالیفائر-1 میں ہارنے والی ٹیم اور ایلیمنیٹر کی فاتح ٹیم کے درمیان کوالیفائر-2 میچ کھیلا جائے گا۔ پھر کوالیفائر-1 اور 2 کے فاتحین کے درمیان فائنل مقابلہ کھیلا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔