رویندر جڈیجہ کے 200 وکٹ مکمل، نیا ریکارڈ قائم

ہندوستان کے لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں 200 وکٹ پورے کرنے کی کامیابی حاصل کر لی ہے اور وہ سب سے تیز 200 وکٹ پورے کرنے والے بائیں ہاتھ کے گیندباز بن گئے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

وشاکھاپٹنم: ہندوستان کے لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں 200 وکٹ پورے کرنے کی کامیابی حاصل کر لی ہے اور وہ سب سے تیز 200 وکٹ پورے کرنے والے بائیں ہاتھ کے گیندباز بن گئے ہیں۔ جڈیجہ نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن جمعہ کو ڈین ایلگر کو آؤٹ کر ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے 200 وکٹ پورے کر لئے۔ جڈیجہ ٹیسٹ کرکٹ میں 200 وکٹ لینے والے 10 ویں ہندستانی بولر ہیں۔

بائیں ہاتھ کے اسپنر جڈیجہ نے یہ کارنامہ اپنے 44 ویں ٹیسٹ میچ میں کیا۔ پہلا ٹیسٹ میچ شروع ہونے سے پہلے ان کے نام 198 وکٹ درج تھے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے تیز 200 وکٹ لینے والے جڈیجہ دوسرے ہندوستانی بولر بنے ہیں۔ ٹیسٹ میں سب سے تیز 200 وکٹ لینے والے ہندستانی بولر آف اسپنر روی چندرن اشون ہیں جنہوں نے 37 ٹیسٹ میں 200 وکٹ پورے کئے تھے۔
جڈیجہ بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے تیز 200 وکٹ لینے والے بائیں ہاتھ کے گیندباز بن گئے ہیں۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ سری لنکا کے لیفٹ آرم اسپنر رنگنا ہیراتھ کے نام تھا جنہوں نے 47 ٹیسٹ میں 200 وکٹ پورے کئے تھے۔


جڈیجہ نے اپنا ٹیسٹ ڈیبو سال 2012 میں انگلینڈ کے خلاف ناگپور کے میدان پر کیا تھا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں جڈیجہ نے نو بار اننگز میں پانچ وکٹ اور ایک بار ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹ حاصل کئے ہیں۔
سب سے کم ٹیسٹ میں 200 وکٹ لینے والے بائیں ہاتھ کے گیندباز:

بولر ................ ملک .......... ٹیسٹ
رویندر جڈیجہ ......... ہندستان ........ 44
رنگنا ہیراتھ ......... سری لنکا ......... 47
مچل جانسن .......... آسٹریلیا ......... 49
مشیل اسٹارک ....... آسٹریلیا .......... 50
بشن سنگھ بیدی ...... ہندستان .......... 51
وسیم اکرم .......... پاکستان .......... 51

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    Published: 05 Oct 2019, 8:02 AM