راشد خان نے بنگلہ دیش کے خلاف افغانستان کی کپتانی سنبھالتے ہی بَنا ڈالا عالمی ریکارڈ

افغانستانی ٹیم ٹیسٹ تاریخ کا اپنا تیسرا میچ بنگلہ دیش کے خلاف کھیل رہی ہے اور اس میچ کے شروع ہوتے ہی افغانستان کے کپتان راشد خان نے سب سے کم عمر کا ٹیسٹ کپتان ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ شروع ہو چکا ہے اور اس میچ کے آغاز کے ساتھ ہی افغانستان کے کپتان راشد خان نے ایک عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ راشد خان نے بطور کپتان اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں منصور علی خان پٹودی جیسے معروف کھلاڑی کی ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ دراصل راشد خان کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم عمر میں ٹیسٹ کرکٹ کی کپتانی سنبھالنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

راشد خان کی عمر اس وقت 20 سال 350 دن ہے جب کہ گزشتہ ریکارڈ زمبابوے کے کرکٹر ٹیٹنڈا تائبو کے نام درج تھا۔ تائبو نے 20 سال اور 358 دن کی عمر میں زمبابے کی کپتانی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ ان سے قبل ہندوستان کے سابق کپتان منصور علی خان پٹودی کے نام یہ ریکارڈ کافی سالوں تک رہا۔ پٹودی نے 21 سال اور 77 دن کی عمر میں ہندوستانی ٹیم کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں کپتانی کی تھی۔


بہر حال، افغانستان نے بنگلہ دیش کے چٹگانگ میں کھیلے جا رہے واحد ٹیسٹ میچ میں اس وقت میزبان ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 60 اوور میں 3 وکٹ کے نقصان پر 172 رن بنا لیے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں افغانستان اپنا تیسرا میچ کھیل رہی ہے اور قابل ذکر یہ بھی ہے کہ ہندوستان کے باہر وہ اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔ اس سے قبل پہلا ٹیسٹ میچ افغانستان نے ہندوستان کے خلاف بنگلورو میں کھیلا تھا جس میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دوسرا ٹیسٹ میچ آئرلینڈ کے خلاف افغانستان نے دہرہ دون میں کھیلا تھا اور یہاں اسے کامیابی حاصل کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Sep 2019, 4:10 PM