نیوزی لینڈ کس دنیا میں رہ رہا ہے : رمیز راجہ

دورہ منسوخی پر شاہد افریدی نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ 'تمام یقین دہانیوں کے باوجود سیکیورٹی خدشے کا بہانہ کرکے دورہ منسوخ کرنے کے نتائج کا آپ کو علم ہے؟

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نیوزی لینڈ کا پاکستان دورہ منسوخ ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کافی ناراض نظرآئے اور ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’کس دنیا میں رہ رہا ہے نیوزی لینڈ‘۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے شائقین اور کھلاڑیوں کے لیے آج کے دن کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ 'سیکورٹی کے خطرے پر یکطرفہ انداز اپناتے ہوئے دورہ منسوخ کرنا بہت مایوس کن ہے، خاص طور پر جب آپ یہ شیئر نہ کریں'۔


رمیز راجہ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں نیوزی لینڈ بورڈ پر کڑی تنقید کی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ 'سکیورٹی کے خطرے کا کہہ کر یکطرفہ طور پر دورہ ختم کرنا کافی پریشان کن ہے۔ خاص کر جب یہ (سکیورٹی الرٹ) شیئر نہ کیا جائے۔ نیوزی لینڈ کس دنیا میں رہ رہا ہے؟ نیوزی لینڈ سے اب بات آئی سی سی میں ہوگی۔'

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'سیریز پاکستان کرکٹ کے لاکھوں شائقین کے لیے مسکراہٹیں واپس لا سکتی تھی'۔ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے اپنی سکیورٹی ایجنسیوں کی صلاحیتوں اور ساکھ پر پورا بھروسہ ہے، وہ ہمارا فخر ہیں اور ہمیشہ رہیں گے'۔


سابق باؤلر عمر گل نے اسے کرکٹ کے کھیل کے لیے افسوسناک دن قرار دیا اور کہا کہ 'جہاں پاکستان کرکٹ کی بحالی کی راہ پر گامزن ہے وہیں ایسے موقع پر یہ بدقسمت موڑ آیا ہے'۔ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان کی سیکیورٹی ایجنسی دنیا کی بہترین سیکورٹی ایجنسیوں میں سے ایک ہے اور جب آپ کو اس قسم کی سیکورٹی ملتی ہے تو آپ محفوظ ہوتے ہیں'۔

سابق آسٹریلیائی تیزگیندباز جیسن گلیسپی نے لکھا کہ آج کا دن پاکستان کرکٹ اور اس کے شائقین کے لیے انتہائی مایوس کن رہا ہے۔


پاکستانی اوپنر امام الحق نے ٹویٹ کیا کہ میرا ملک کرکٹ کے لیے محفوظ ہے۔ یہ بطور ٹیم اور تمام شائقین کے لیے ایک برا لمحہ ہے۔گرانٹ ایلیٹ نے ٹویٹ کیا کہ یہ کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے برا لمحہ ہے۔

سابق وکٹ کیپر کامران اکمل پاکستان کو ہر طرح کے کھیلوں کے لیے محفوظ ملک قرار دیتے ہوئے نیوزی لینڈ کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ 'آج کا دن پاکستان اور پاکستان کی کرکٹ کے لیے افسوسناک دن ہے'۔ان کا کہنا تھا کہ 'آخری لمحے سیریز منسوخ کرنا کوئی اچھی بات نہیں'۔


ڈیرن سیمی نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'گزشتہ 6 سالوں سے پاکستان کا دورہ کرنے اور وہاں کرکٹ کھیلنے کا سفر انتہائی خوشگوار تجربات میں سے ایک تھا'۔ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے پاکستان میں ہمیشہ محفوظ محسوس کیا ہے، یہ پاکستان کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے'۔

سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی بلیک کیپس سے سوال کیا کہ 'تمام یقین دہانیوں کے باوجود سیکیورٹی خدشے کا بہانہ کرکے دورہ منسوخ کرنے کے نتائج کا آپ کو علم ہے؟'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔