راجیو شکلا بنیں گے بی سی سی آئی کے عبوری صدر! روجر بنّی کی سبکدوشی کے بعد سنبھالیں گے کمان
بی سی سی آئی کے ضابطوں کے مطابق 70 سال کی عمر عبور کرنے کے بعد روجر بنّی اس عہدے کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔ راجیو شکلا ابھی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر ہیں۔ وہ اگلے تین مہینوں کے لیے عبوری صدر بنیں گے۔

راجیو شکلا/روجر بنّی (فائل تصویر)
راجیو شکلا ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے اگلے صدر بننے والے ہیں۔ اس وقت روجر بنّی اس عہدے پر مامور ہیں لیکن وہ جلد ہی یہ عہدہ چھوڑ دیں گے۔ دراصل ان کی عمر بی سی سی آئی کے ضابطوں کے حساب سے زیادہ ہو رہی ہے۔ شکلا ابھی ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر ہیں۔ وہ اگلے تین مہینوں کے لیے عبوری صدر بنیں گے۔
روجر بنّی 1983 کی عالمی کپ فاتح ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے۔ وہ 19 جولائی کو 70 کی عمر پار کر جائیں گے۔ اس طرح وہ بی سی سی آئی کے ضابطوں کے مطابق طے عمر حد کو عبور کر جائیں گے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق اس خالی عہدہ کو بھرنے کے لیے راجیو شکلا صدر کے طور پر کام کریں گے۔
’انڈیا ٹودے‘ کی رپورٹ کے مطابق، ’’راجیو شکلا صدر کے طور پر کام کریں گے۔ جب تک کہ کوئی نیا شخص اس عہدہ کے لیے منتخب نہیں کر لیا جاتا۔‘‘ اس کا مطلب یہ ہے کہ راجیو شکلا کچھ وقت کے لیے ہی صدر رہیں گے۔ بی سی سی آئی جلد ہی نئے صدر کا انتخاب کرے گی۔ راجیو شکلا کو کرکٹ انتظامیہ کا اچھا تجربہ ہے۔ وہ پہلے بھی کئی اہم عہدوں پر رہ چکے ہیں۔ اس لیے ان سے امید ہے کہ وہ عبوری صدر کے طور پر بی سی سی آئی کو اچھی طرح سے چلائیں گے۔
راجیو شکلا 2020 سے بی سی سی آئی کے نائب صدر ہیں۔ وہ 2017 تک اتر پردیش کرکٹ ایسو سی ایشن (یو پی سی اے) کے سکریٹری بھی تھے۔ اس کے علاوہ 2018 تک انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ روجر بنّی 2022 میں بی سی سی آئی کے صدر بنے تھے۔ انہوں نے سورو گانگولی کی جگہ لی تھی۔ بنّی ایک بہترین گیندباز تھے۔ انہوں نے ہندوستان کے لیے 27 ٹیسٹ اور 72 یک روزہ مقابلے کھیلے ہیں، اس میں انہوں نے کل 124 وکٹ حاصل کیے۔ 1983 کی عالمی کپ جیت میں ان کا اہم کردار تھا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 18 وکٹ لیے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔