ورلڈ کپ کے شیڈول میں جو بھی مسئلہ آئے گا اسے حل کریں گے: شکلا

راجیو شکلا نے کہا کہ ورلڈ کپ کے شیڈول میں تبدیلی کرنا آسان نہیں ہے اور ایسا ہونے کا امکان بھی نہیں ہے۔ صرف بی سی سی آئی شیڈول میں تبدیلی نہیں کرسکتا۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا نے اتوار کو حیدرآباد کے اپل اسٹیڈیم میں 9 اور 10 اکتوبر کو ہونے والے ورلڈ کپ کے میچوں کو دوبارہ شیڈول کرنے کے بارے میں قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے کہا کہ آگے آنے والے کسی بھی مسئلے کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن (ایچ سی اے) نے بی سی سی آئی کو مطلع کیا تھا کہ 9 اور 10 اکتوبر کو مسلسل دو دن میچوں کی میزبانی سے سیکورٹی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ نیدرلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 9 اکتوبر کو اپل اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی جب کہ پاکستان اور سری لنکا 10 اکتوبر کو آمنے سامنے ہوں گے۔ شکلا نے ایک بیان میں کہا، ''میں ورلڈ کپ میں حیدرآباد وینیو کا انچارج ہوں۔ اگر کوئی مسئلہ درپیش ہے تو میں اسے حل کرنے کی کوشش کروں گا۔


اہم بات یہ ہے کہ بی سی سی آئی نے 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان صرف 100 دن پہلے کیا تھا۔ کئی ممالک نے شیڈول میں تبدیلی کی درخواست کی جس کے بعد بی سی سی آئی نے 9 اگست کو نو میچوں کی تاریخوں میں تبدیلی کے ساتھ نیا شیڈول جاری کیا تھا۔ شکلا نے کہا کہ میچوں کی تاریخوں کو تبدیل کرنا صرف بی سی سی آئی کے ہاتھ میں نہیں ہے اور دیگر اسٹیک ہولڈرز بھی اس میں شامل ہوتے ہیں۔

شکلا نے کہا، ''ورلڈ کپ کے شیڈول میں تبدیلی کرنا آسان نہیں ہے اور ایسا ہونے کا امکان بھی نہیں ہے۔ صرف بی سی سی آئی شیڈول میں تبدیلی نہیں کر سکتا۔ اس میں ٹیمیں، آئی سی سی سبھی شامل ہوتے ہیں۔"
ورلڈ کپ کا آغاز 5 اکتوبر سے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہوگا جب کہ اس کا فائنل 19 نومبر کو اسی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ کے 48 میچز کی میزبانی 12 شہر کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔