رہانے بہادر اور تیزطرار کپتان ہیں: ایان چیپل

آسٹریلیا کے سابق کپتان ایان چیپل بھی رہانے کی کپتانی کے مداح ہوگئے ہیں اور انہوں نے کہا کہ رہانے کا جنم لیڈ کرنے کے لئے ہی ہوا ہے۔

اجنکیا رہانے، تصویر آئی اے این ایس
اجنکیا رہانے، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

میلبورن: ہندوستان کو میلبورن میں دوسرے باکسنگ ڈے ٹسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف آٹھ وکٹ سے جیت دلانے والے کپتان اجنکیا رہانے کی تعریف کرنے والوں میں ایان چیپل بھی شامل ہوگئے ہیں، جنہوں نے رہانے کی جم کر تعریف کرتے ہوئے انہیں بہادر اور تیز طرار کپتان بتایا ہے۔ آسٹریلیا کے سابق کپتان ایان چیپل بھی رہانے کی کپتانی کے مداح ہوگئے ہیں اور انہوں نے کہا کہ رہانے کا جنم لیڈ کرنے کے لئے ہی ہوا ہے۔

رہانے کی قیادت میں ٹیم انڈیا نے آسٹریلیا کو دوسرے ٹسٹ میں آٹھ وکٹ سے شکست دے کر سیریز ایک۔ایک سے برابر کرلی ہے۔ دونوں ٹیموں کے بیچ تیسرا ٹسٹ سات جنوری سے سڈنی میں شروع ہونا ہے۔ چیپل نے کرک انفو پر اپنے کالم میں کہا ’’میلبورن میں رہانے کی قیادت میں ٹیم انڈیا کا آسٹریلیا کو ہرانا میرے لئے حیرت زدہ کرنے والا نہیں تھا۔ جس نے 2017 میں دھرم شالہ میں رہانے کی کپتانی دیکھی ہے وہ رہانے کی تعریف کرے گا۔ 2017 کے اس میچ اور میلبورن ٹسٹ میں کافی یکسانیت ہے‘‘۔


ایان چیپل نے کہا کہ ’’پہلی یکسانیت تو یہ ہے کہ یہ مقابلہ بھی دو چیلنجنگ ٹیموں کے بیچ کھیلا گیا۔ دوسرا یہ کہ اس مقابلے میں بھی نچلی صف کے بلے باز رویندر جڈیجہ نے اپنا تعاون دیا اور آخر میں چھوٹے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے رہانے نے شاندار اننگز کھیلی‘‘۔

چیپل نے کہا کہ ’’دھرم شالہ میں رہانے نے بطور کپتان ڈیبیو کیا تھا اور جب ڈیوڈ وارنر اور اسٹیون اسمتھ کے بیچ سنچری اننگز ساجھیداری بن رہی تھی تب انہوں نے چائنا مین گیند باز کلدیپ یادو کو گیند بازی سونپی جو کہ ایک جرات مندانہ قدم اور میرے خیال سے دانشمندانہ فیصلہ تھا۔ کلدیپ نے سلپ میں رہانے کے ہاتھوں کیچ کراکر وارنر کو آوٹ کیا۔


سابق کپتان نے کہا کہ "رہانے کی کپتانی کا یہ حصہ انہیں ایک کامیاب کپتان بناتا ہے۔ وہ بہادر اور تیز طرار کپتان ہیں۔ تاہم، ان دو اہم خصوصیات کے علاوہ ان کی قیادت میں بہت کچھ ہے۔ وہ پرسکون ہیں اور ٹیم کے کھلاڑی ان کا احترام کرتے ہیں جو ایک اچھے کپتان ہونے کی طرف اشارہ ہے اور ضرورت پڑنے پر وہ رنز بھی بناتے ہیں۔ "

چیپل نے کہا کہ "ہندوستان کو ایک اور تیز گیند باز کے زخمی ہونے اور اوپننگ بلے باز سے پریشانی ہوگی۔ ایڈیلیڈ میں ڈھیر ہونے کے بعد اور ٹیم کے بہترین بلے باز کے وطن لوٹنے اور دو تیزگیند بازوں کی چوٹ کی وجہ سے باہر ہونے سے ہندوستان کو آسٹریلیا کے مقابلے سلیکشن کے عمل میں زیادہ پریشانی ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */