پیٹ کمنز کا اندور ٹیسٹ کے لئے ہندوستان نہیں لوٹنے کا فیصلہ، اسٹیو اسمتھ سمبھالیں گے کنگارو ٹیم کی کپتانی

آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز خاندانی وجوہات کی وجہ سے ہندوستان واپس نہیں آسکیں گے، کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے جمعہ کو یہ اعلان کیا، اندور ٹیسٹ میں کپتانی نائب کپتان اسٹیو اسمتھ سنبھالیں گے

<div class="paragraphs"><p>آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز اور نائب کپتان اسٹیو اسمتھ / Getty Images</p></div>

آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز اور نائب کپتان اسٹیو اسمتھ / Getty Images

user

یو این آئی

نئی دہلی/سڈنی: آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز خاندانی وجوہات کی وجہ سے ہندوستان واپس نہیں آسکیں گے، کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے جمعہ کو یہ اعلان کیا۔ اب اگلے ہفتے اندور میں شروع ہونے والے بارڈر گواسکر سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی قیادت نائب کپتان اسٹیو اسمتھ کریں گے۔

واضح رہے کہ کمنز اپنی والدہ کی خرابی صحت کے باعث دوسرے ٹیسٹ کے اختتام کے بعد آسٹریلیا لوٹ گئے تھے۔ کمنز کو یکم مارچ سے شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ سے پہلے ہندوستان واپس آنا تھا لیکن اب انہوں نے اس کے برعکس فیصلہ کیا ہے۔

سی اے نے کمنز کا بیان جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے کہا ’’میں نے فی الحال ہندوستان واپس نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ میری والدہ بیمار ہیں اور انہیں علاج معالجے اور دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔ میرا خیال ہے کہ میرا اپنے خاندان کے ساتھ رہنا سب سے زیادہ ضروری ہے۔ میں کرکٹ آسٹریلیا اور اپنے ساتھیوں کی جانب سے ملی حمایت کے لئے ان کا شکرگزار ہوں۔ مجھے سمجھنے کے لئے آپ کا شکریہ۔‘‘


سی اے نے کہا کہ چوتھے ٹیسٹ سے پہلے ہی کمنز کے لیے ٹیم کے دروازے کھلے ہیں۔ اگر وہ احمد آباد میں 9 مارچ سے شروع ہونے والے چوتھے ٹیسٹ سے پہلے ہندوستان واپس نہیں آتے تو اسمتھ دونوں میچوں میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔ آسٹریلیا تیز رفتار حملے کی قیادت کے لیے مچل اسٹارک کو شامل کرنے پر غور کر سکتا ہے، جن کی انگلی کی چوٹ تقریباً ٹھیک ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ اسمتھ دبئی میں چار دن اپنی اہلیہ کے ساتھ گزارنے کے بعد جمعرات کی شام یہاں دہلی میں ٹیم میں شامل ہوئے، جہاں انہیں اطلاع ملی کہ کمنز واپس نہیں آئیں گے۔

اسمتھ 2021 میں نائب کپتان کی ذمہ داری ملنے کے بعد تیسری بار کنگاروں ٹیم کی قیادت سنبھالیں گے۔ اس سے قبل وہ 2014 سے 2018 کے درمیان 34 ٹیسٹ میچوں میں آسٹریلیا کی کپتانی کر چکے ہیں۔ انہوں نے 2017 میں آسٹریلیا کے ہندوستان کے دورے پر ٹیم کی کپتانی کرتے ہوئے 3 سنچریاں بھی بنائی تھیں۔

تاہم اس دورے پر اسمتھ کا بلا خاموش رہا ہے۔ انہوں نے اب تک چار اننگز میں 23.66 کی اوسط سے صرف 71 رنز کا تعاون کیا ہے اور دونوں میچوں میں آسٹریلیا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میزبان ہندوستان نے چار میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔ اگر روہت کی ٹیم اندور ٹیسٹ جیت جاتی ہے تو وہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */