ہندوستان سے مقابلہ کے قبل والی رات کو کیا کر رہی تھی پاکستانی کرکٹ ٹیم

پاکستانی کرکٹ ٹیم کا ویسے تو ہندوستانی کرکٹ ٹیم سے کوئی مقابلہ نہیں تھا، کیونکہ جو پاکستانی کھلاڑیوں کی ویڈیو سامنے آئی ہے اس سے لگتا ہے کہ پاکستانی ٹیم کھیلنے سے پہلے ہی شکست قبول کر چکی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کرکٹ عالمی کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے اہم مقابلہ سے پہلے والی رات کو پاکستان کے کھلاڑی منچسٹر کے ایک معروف شیشہ کیفے میں نائٹ پارٹی کرتے نظر آئے اور اس کا ویڈیو وائرل ہو گیا ہے۔ اس ویڈیو میں پاکستانی کھلاڑیوں کے ہمراہ ان کی اہلیہ بھی ساتھ میں موجود تھیں۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے چاہنے والوں کا غصہ ساتویں آسمان پر ہے۔ ٹیم کے مداح یہ سوال کر رہے ہیں کہ اتنے اہم مقابلے سے قبل ٹیم کے ارکان کو ان چیزوں سے پرہیز کرنا چاہیے تھا اور جلدی سو کر اپنی نیند پوری کرنی چاہیے تھی۔


پاکستانی بلے باز شعیب ملک اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا اور اپنے بیٹے کے ساتھ اس پارٹی میں موجود تھے۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ثانیہ مرزا بہت برہم ہیں اور انہوں نے ٹوئٹ کرکے لکھا ہے کہ ’’یہ ویڈیو ہم سے بغیر پوچھے شوٹ کیا گیا جو ہماری نجی زندگی میں مداخلت ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مداح ٹیم کی ہار کا ٹھیکرا کپتان اور کھلاڑیوں کے غیر پیشہ ورانہ رویہ پر پھوڑ رہے ہیں۔


واضح رہے میچ سے پہلے والی رات کو پوری پاکستانی ٹیم منچیسٹر کے معروف شیشہ کیفے میں پارٹی کرتے نظر آئے جس میں کچھ کھلاڑیوں کے بیوی بچے بھی موجود تھے۔ اس میں شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا بھی موجود تھیں۔ غور کرنے کی بات یہ ہے کہ شعیب ملک صفر پر آؤٹ ہو گئے تھے ادھر کپتان سرفراز احمد میچ کے دوران کئی مرتبہ جمہائی لیتے نظر آئے اور ان کی یہ تصاویر خوب وائرل ہو رہی ہیں۔ پارٹی کے دوران کھلاڑی حقہ پیتے بھی نظر آئے۔


پاکستانی فینس کاغصہ ہارنے پر نہیں ہے بلکہ شکست کے طریقہ پر ہے۔ ان کا غصہ اس بات پر ہے کہ اس میچ میں کوئی مقابلہ نظر ہی نہیں آیا اور یہ پوری طرح یکطرفہ میچ ثابت ہوا۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ میچ سے پہلے والی رات کو ٹیم انتظامیہ، کپتان اور کھلاڑیوں کی باڈی لینگویج پارٹی کی نہیں ہونی چاہیے بلکہ بڑے مقابلہ کے لئے ذہنی تیاری میں ہونا چاہیے اور رات کو جلدی سو جانا چاہیے مگر ٹیم نے اس کے بالکل برعکس کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔