پاکستان کی ویمنز کرکٹ ٹیمیں ویسٹ انڈیز کا کریں گی دورہ

دونوں ٹیموں کے درمیان آخری بین الاقوامی کرکٹ میچ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں کھیلا گیا تھا، جس میں پاکستان کو کامیابی نصیب ہوئی تھی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ خواتین کی قومی ٹیم اور اے کرکٹ ٹیم مختصر طرز کرکٹ کی سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی۔ پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں ٹیمیں 23 جون کو لاہور سے انٹیگا کے لیے روانہ ہوں گی اور پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز میں 3 ٹی ٹوئنٹی اور 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ پی سی بی کے مطابق اس دوران دونوں ممالک کی خواتین کی اے کرکٹ ٹیموں کے مابین 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی اور سیریز کے تمام میچز انٹیگا میں ہوں گے۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا گزشتہ 4 ماہ کے دوران یہ تیسرا بین الاقوامی دورہ ہے، اسے قبل قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم زمبابوے روانہ ہوئی تھی، تاہم پروازیں معطل ہونے کے باعث یہ دورہ مختصر کردیا گیا تھا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث دنیا بھر میں رائج سفری پابندیوں کے باوجود بورڈ کا قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے ان بین الاقوامی دوروں کو حتمی شکل دینے کا مقصد قومی کھلاڑیوں کو رواں سال شیڈول آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر کی ہر ممکن تیاری کروانا ہے۔


پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیموں کے درمیان آخری دوطرفہ سیریز 2019 میں کھیلی گئی تھی، جس میں ایک روزہ سیریز پاکستان جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز ویسٹ انڈیز نے جیت لی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری بین الاقوامی کرکٹ میچ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں کھیلا گیا تھا، جس میں پاکستان کو کامیابی نصیب ہوئی تھی۔ پی سی بی نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیموں اور خصوصاَ قومی خواتین اے کرکٹ ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز سے ملک میں خواتین کرکٹ کو فروغ ملے گا اور ان ٹیموں میں ان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جو گزشتہ چند ماہ سے قومی خواتین کرکٹ کے پول کا حصہ ہیں۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ انہیں قومی خواتین اور قومی خواتین اے کرکٹ ٹیموں کے دورہ ویسٹ انڈیز کے اعلان کی بڑی خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو رواں سال آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر میں شرکت کرنی ہے، لہٰذا یہ دورہ ہماری خواتین کھلاڑیوں کو نہ صرف صلاحیتیں نکھارنے کا موقع فراہم کر رہا ہے بلکہ اس سے انہیں میچ پریکٹس بھی ملے گی۔


انہوں نے کہا کہ خواتین کرکٹرز کے کھیل میں بہتری لانے کے لیے ہر ممکن سہولیات اور مواقع فراہم کرنا ہی پی سی بی کی حکمت عملی ہے اور اسے عملی جامہ پہنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ واضح رہے پاکستان کی مردوں کی قومی ٹیم بھی 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز پہنچے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔