ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستان کا آسٹریلیا کے خلاف پہلی بار کلین سوئپ

پاکستانی ٹیم نے سرفراز احمد کی قیادت میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی مرتبہ ون ڈے یا ٹی ٹوئنٹی آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے تمام میچ جیتے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

دبئی: پاکستان نے آسٹریلیا کو آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں 33 رنز سے شکست دے کر سیریز میں پہلی بار وائٹ واش مکمل کرلیا ہے ۔شاداب خان مین آٖف دا میچ،بابر اعظم مین آف دی سیریز قرار پائے۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اپنی اننگز میں 150 رنز بنائے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم پانچ گیندیں پہلے117رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔

فخرزمان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے صاحبزادہ فرحان نے بابراعظم کے ساتھ اننگز اوپن کی اور دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان کو بہترین اوپننگ فراہم کیا، صاحبزادہ فرحان 39 رنز بنا کر 93 کے مجموعی سکور پر ناتھن لیون کا شکار بنے ۔بابر اعظم اپنی 7ویں نصف سنچری مکمل کرتے ہی اینڈریو ٹائی کے گیند پر بولڈ ہوگئے ۔شعیب ملک18رنز بنا کر ایڈم زمپا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ،آصف علی 4 اور فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے مچل مارش کا شکار بنے ،حفیظ اور عماد نے پاکستان کا اسکور150رنز تک پہنچایا ،حفیظ32اور عماد 3رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کے لیے ایرون فنچ اور ایلکس کیری نے اننگز کا آغاز کیا اور کیری نے عماد وسیم کے پہلے اوور میں20رنز بنائے تاہم فہیم اشرف نے فنچ کو1رن پر چلتا کیا ۔محمد حفیظ نے اپنے پہلے اوور میں کیری کی وکٹ حاصل کی ۔کرس لین اور بین میکڈر موٹ نے تیسری وکٹ کے لیے 36رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد لین15رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بن گئے۔

بین میکڈر موٹ 21 رنز بنا کر سیریز میں تیسری مرتبہ رن آؤٹ ہوئے ،گلین میکسویل4رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔مچل مارش21رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ ڈارسی شارٹ بھی 10رنز بنا کر عثمان شنواری کی گیند پر شعیب ملک کے شاندار کیچ کی بدولت پوویلین لوٹے ۔اینڈریو ٹائی5رنز بناکر حسن علی کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ، ایڈم زمپا آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے اور پوری آسٹریلیائی ٹیم 117رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کیلئے شاداب خان نے 3 جبکہ حسن علی نے 2 اور عثمان شنواری، حفیظ اور فہیم نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔


اس طرح سے پاکستانی ٹیم نے سرفراز احمد کی قیادت میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بارآسٹریلین ٹیم کے خلاف کلین سوئپ کیا۔ون ڈے یا ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف پہلی بار سیریز کے تمام میچ جیتے ہیں۔ گذشتہ دو سالوں میں پاکستانی ٹیم کو ئی ٹی ٹوئنٹی سیریز نہیں ہاری ہے اور اس نے عالمی نمبر ایک پوزیشن کو برقرار رکھا ہوا ہےپاکستانی ٹیم سرفراز احمد کی کپتانی میں پانچویں بار سیریز میں کلین سوئپ کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔