پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ہراکر اپنی بے عزتی کا بدلا لیا، مسلسل دوسری جیت

نیوزی لینڈ معمولی اسکور کرنے کے باوجود فتح کی تلاش میں تھا جب اس نے 14.5 اوورز میں 87 رنز پر پاکستان کی پانچ وکٹیں لے لیں لیکن اس کے بعد ملک اور آصف نے شاندار شراکت داری قائم کی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

پاکستان کرکٹ ٹیم نے نیو زی لینڈ کو شکست دے کر اپنی اس بے عزتی کا بدلا لے لیا جو نیو زی لینڈ نے سلامتی کی وجہ سے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر کے انہیں دیا تھا۔ آصف علی (ناٹ آؤٹ 27) اور شعیب ملک (ناٹ آؤٹ 26) کی بہترین اننگ اور ان کے درمیان چھٹے وکٹ کے لئے اڑتالیس رنوں کی ناٹ آؤٹ شراکت داری کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو آئی سی سی ٹی۔20 ورلڈ کپ کے گروپ دو کے میچ میں پانچ وکٹ سے ہراکرمسلسل دوسری جیت درج کی۔

پلیئر آف دی میچ حارث رؤف نے22 رنز دے کر چار وکٹ لیں اور ان کی اس کارکردگی کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو آٹھ وکٹوں پر 134 رنز کے معمولی اسکور تک محدود کر دیا، لیکن ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 87 رنز پر اپنی پانچ وکٹیں گنوا دیں۔ لیکن آصف اور ملک نے چھٹے وکٹ کی ناٹ آؤٹ شراکت داری میں 48 رنز جوڑکر پاکستان کو مسلسل دوسری جیت دلائی۔


پاکستان نے 18.4 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 135 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ آصف نے 12 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 27 رنز میں ایک چوکا اور تین چھکے لگائے جبکہ تجربہ کار ملک نے 20 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 26 رنز میں دو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

نیوزی لینڈ معمولی اسکور کرنے کے باوجود فتح کی تلاش میں تھا جب اس نے 14.5 اوورز میں 87 رنز پر پاکستان کی پانچ وکٹیں لے لیں لیکن اس کے بعد ملک اور آصف نے شاندار شراکت داری قائم کی۔ ان دونوں بلے بازوں نے نیوزی لینڈ کے ہاتھ سے میچ چھین لیا۔


آصف نے ساؤدی کے اننگز کے 17ویں اوور میں لگاتار دو چھکے لگا کر ٹیم سے دباؤ کو دور کیا۔ 18ویں اوور میں ملک نے مچل سینٹنر کی گیند پر چوکا اور ایک چھکا لگا کر پاکستان کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔ آصف نے 19ویں اوور میں ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر چھکا لگایا اور پھر میچ دو رنز کے ساتھ ختم کر دیا۔

اوپنر محمد رضوان نے 34 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے۔ کپتان بابر اعظم 9، فخر زمان 11، محمد حفیظ 11 اور عماد وسیم 11 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تاہم اس کے بعد ملک اور آصف نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ گیندیں باقی رہ کر ٹیم کو فتح دلائی۔


اس سے پہلے رؤف نے مارٹن گپٹل، ڈیون کونوے، گلین فلپس اور مچل سینٹنر کو پویلین بھیجا۔ گپٹل نے 17، کونوے نے 27، فلپس نے 13 اور سینٹنر نے چھ رنز بنائے۔ گزشتہ میچ میں تین وکٹیں لے کر ہندوستان کو ہلا کر رکھ دینے والے شاہین آفریدی نے اس بار 21 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ عماد وسیم اور محمد حفیظ نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کی اننگز میں کوئی بھی بلے باز بڑا اسکور نہیں کر سکا۔ گپٹل نے 20 گیندوں پر تین چوکے، ڈیرل مچل نے 20 گیندوں میں ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 27 رنز بنائے، کپتان کین ولیمسن نے 26 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 25 رنز بنائے، کونوے نے تین چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنائے۔ 24 گیندوں پر 27 رنز اور فلپس نے 15 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 13 رنز بنائے۔ ولیمسن 14ویں اوور کی پہلی گیند پر حسن علی کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے جس کے بعد کیوی اننگز ڈگمگا گئی اور صرف 134 تک ہی پہنچ سکی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔