ارشدیپ سے کیچ چھوٹنا مہنگا پڑا، پاکستان نے ہندوستان کو پانچ وکٹوں سےدی شکست

ہندوستان نے پاکستان کوایشیا کپ کے گروپ مرحلے کے میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی لیکن یہاں بابر کی ٹیم نے پانسا پلٹتے ہوئےپانچ وکٹوں سے جیت درج کی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

پاکستان نے محمد رضوان (71) کی نصف سنچری اورمحمد نواز (42) کی دھماکے دار اننگ کے بعد آصف علی (16) کی بیش قیمتی شراکت کی بدولت ہندوستان کو ایشیا کپ 2022 کے سپر 4 میچ میں اتوار کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔

ہندوستان نے پاکستان کو 20 اوورز میں 182 رنوں کا ہدف دیا تھا جسے انہوں نے ایک گیند پہلے ہی حاصل کرکے ہندوستان سے گروپ اسٹیج کی ہارکابدلہ لے لیا۔


پاکستان کو اس سنسنی خیز مقابلے کے آخری دو اوورز میں 26 رنز درکار تھے۔ ٹیم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے آصف علی نے 19ویں اوور میں بھونیشور کمار کو ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا جس کی وجہ سے پاکستان نے اس اوور میں 19 رن جوڑے۔ بابر اعظم کی ٹیم نے آخری اوور میں کچھ ہچکیوں کے بعد 182 رنوں کے ہدف کوحاصل کرلیا۔

پاکستان نے 182 رن کے ہدف کے تعاقب میں شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنانے کی کوشش کی، لیکن کپتان بابر اعظم (14) اور فخر زمان (15) کوئی بڑی شراکت بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے۔چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے محمد نواز نے پاکستان کی اننگ سنوارتے ہوئے 20 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 42 رن بنائے اور محمد رضوان کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لئے 73 رنوں کی شراکت داری کی، جس نے پاکستان کو مضبوط پوزیشن میں لادیا۔


پاکستان 136 رن پر صرف دو وکٹیں گنوانے کے بعد جیت کی جانب گامزن تھا، لیکن بھونیشور کمار نے 16ویں اوور میں نواز کو، جبکہ ہاردک پانڈیا نے 17ویں اوور میں محمد رضوان کو آؤٹ کیا۔رضوان نے 51 گیندوں میں چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 71 رنز بنائے اور ان کے آؤٹ ہوتے ہی میچ کا رخ بھارت کی طرف ہوگیا۔

پاکستان کو تین اوورز میں 33 رنز درکار تھے۔ روی بشنوئی نے 18 ویں اوور میں تین وائیڈ گیند کرنے کے باوجود صرف سات رنز دیے لیکن اس اوور میں ارشدیپ سنگھ سے آصف علی کا ایک کیچ چھوٹ گیا جوہندوستان کے لئے مہنگا ثابت ہوا۔ آصف اس وقت صفر کے اسکور پر کھیل رہے تھے اور آگے انہوں نے آٹھ گیندوں پر 16 رن کی اننگ کھیلی۔ اس کے علاوہ خوشدل شاہ نے بھی 14 (11) رنز بنائے۔ آصف آخری اوور کی چوتھی گیند پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد افتخار احمد نے پانچویں گیند پر دو رن لے کر پاکستان کو جیت دلادی۔


ہندوستان کی جانب سے بھونیشور، ارشدیپ، بشنوئی، پانڈیا اور چہل نے ایک ایک وکٹ لیا۔ پانڈیا (چار اوور، 44 رنز) اور چہل (چار اوور، 43 رنز) مہنگے ثابت ہوئے۔ بھونیشور نے بھی اپنے چار اوور میں 40 رنز دیے۔بھارت نے پاکستان کوایشیا کپ کے گروپ مرحلے کے میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی لیکن یہاں بابر کی ٹیم نے پانسا پلٹتے ہوئےپانچ وکٹوں سے جیت درج کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */