پاکستان نے تاریخ رقم کرتے ہوئے جنوبی افریقہ میں تیسری ون ڈے سیریز اپنے نام کی

پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں 81 رنز سے جیت کر تین میچز کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔ یہ جنوبی افریقہ میں پاکستان کی تیسری ون ڈے سیریز جیت ہے، جو ایک تاریخی کارنامہ ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ ایکس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

پاکستان نے جنوبی افریقہ میں تاریخی کارنامہ انجام دیتے ہوئے تین میچز کی ون ڈے سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔ دوسرے میچ میں 81 رنز کی جیت کے ساتھ پاکستانی ٹیم نے سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی، جو جنوبی افریقہ میں پاکستان کی تیسری ون ڈے سیریز جیت ہے۔

یہ کامیابی پاکستان کو 2013، 2021، اور 2024 میں حاصل ہوئی، جس کے ساتھ پاکستان 21ویں صدی کی پہلی ٹیم بن گئی ہے جس نے جنوبی افریقہ میں 3 ون ڈے سیریز جیتیں۔ مجموعی طور پر پاکستان نے جنوبی افریقہ میں 7 دو طرفہ سیریز کھیلیں، جن میں تین جیتیں۔ آسٹریلیا کے بعد پاکستان دوسری ٹیم ہے جس نے یہ اعزاز حاصل کیا۔

پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹیم کی کامیابی کو کھلاڑیوں کی مشترکہ محنت کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ’’سب نے مل کر محنت کی اور میری اور بابر کی کوشش تھی کہ ہم آہستہ آہستہ اننگز کی بنیاد رکھیں۔ ہم 300 کے قریب اسکور کی توقع کر رہے تھے لیکن کامران غلام کی شاندار بیٹنگ نے ہمیں 329 کا مجموعہ دیا۔‘‘ رضوان نے مزید کہا کہ وہ کامران غلام پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں لیکن اس طرح کی کارکردگی کی توقع نہیں تھی۔


کامران غلام نے میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کیا اور اپنی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’میں خوش ہوں کہ میری پرفارمنس نے ٹیم کو جتوایا۔ پچھلے کچھ سالوں سے ٹیم کی کارکردگی بہترین رہی ہے اور میں اس کا حصہ بن کر خوش ہوں۔‘‘

پاکستان کی بولنگ یونٹ نے بھی اہم کردار ادا کیا اور جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کو دباؤ میں رکھا، جس کے باعث پاکستان کا اسکور جنوبی افریقہ کے لیے مشکل ثابت ہوا۔ رضوان نے بولرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ’’بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جنوبی افریقہ کو کم اسکور پر روک لیا۔‘‘

کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، جو ان کے لیے فائدہ مند ثابت نہیں ہوا۔ پہلے بیٹنگ کرنے اترنے والی پاکستان ٹیم 49.5 اوورز میں 329 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ ٹیم کے لیے کپتان رضوان نے سب سے بڑی اننگز کھیلی، انہوں نے 82 گیندوں میں 7 چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 80 رنز بنائے۔

اس کے بعد ہدف کا پیچھا کرنے اتری جنوبی افریقہ کے لیے ہینرک کلاسین نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 74 گیندوں میں 8 چوکے اور 4 چھکوں کی مدد سے 97 رنز اسکور کیے۔ تاہم کلاسین کی یہ اننگز ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ رن چیز میں جنوبی افریقہ 43.1 اوورز میں 248 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔

آخری ون ڈے میچ 22 دسمبر کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان کلین سویپ کی کوشش کرے گا جبکہ جنوبی افریقہ وقار بچانے کی کوشش کرے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔