وَنڈے رینکنگ: پاکستان کے خلاف سنچری کی بدولت وراٹ کوہلی نے ٹاپ-5 میں بنائی جگہ، کلدیپ اور شامی بھی فائدے میں
ٹاپ-10 بلے بازوں میں ہندوستان کے 4 کھلاڑی شامل ہیں۔ نوجوان سلامی بلے باز شبھمن گل 817 پوائنٹس کے ساتھ پہلے مقام پر قابض ہیں۔ ہندوستانی کپتان روہت شرما 757 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر ہیں۔

وراٹ کوہلی / بشکریہ ایکس
ایک طرف ’آئی سی سی چمپئنز ٹرافی 2025‘ جاری ہے، اور دوسری طرف آئی سی سی نے یک روزہ کرکٹ کی تازہ رینکنگ جاری کر دی ہے۔ اس وَنڈے رینکنگ میں ہندوستان کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی، تیز گیندباز محمد شامی اور اسپنر کلدیپ یادو کو ایک ایک مقام کا فائدہ ملا ہے۔ کوہلی نے ایک بار پھر ٹاپ-5 بلے بازوں میں انٹری مار لی ہے۔ وہ 743 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں مقام پر آ گئے ہیں۔ انھوں نے چمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے خلاف 111 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 100 رن بنائے تھے، جس کا فائدہ انھیں رینکنگ میں ملا ہے۔ یہ کوہلی کا وَنڈے میں 52ویں اور مجموعی طور پر 82ویں بین الاقوامی سنچری تھی۔
ٹاپ-10 بلے بازوں کی بات کریں، تو اس میں ہندوستان کے 4 کھلاڑی شامل ہیں۔ نوجوان سلامی بلے باز شبھمن گل 817 پوائنٹس کے ساتھ نمبر 1 پوزیشن پر قابض ہیں۔ کپتان روہت شرما 757 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور شریئس ایئر 679 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر برقرار ہیں۔ پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم 770 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر ہیں۔ انھوں نے ہندوستان کے خلاف 26 گیندوں میں 23 رن بنائے تھے۔ ٹاپ-10 بلے بازوں کی لسٹ سے تھوڑا باہر نکلیں تو ہندوستان کے وکٹ کیپر بلے باز کے ایل راہل 2 پائیدان اوپر 15ویں مقام پر چلے گئے ہیں۔
وَنڈے میں گیندبازوں کی رینکنگ میں محمد شامی 14ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ ان کے 599 پوائنٹس ہیں۔ محمد شامی نے بنگلہ دیش کے خلاف 53 رن دے کر 5 وکٹ لیے تھے، جس کا فائدہ انھیں ملا ہے۔ حالانکہ انھیں پاکستان کے خلاف کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔ کلدیپ یادو بنگلہ دیش کے سامنے خالی ہاتھ رہے تھے، لیکن پاکستان کے خلاف انھوں نے 40 رن دے کر 3 شکار کیے تھے۔ وہ اب 656 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے پائیدان پر ہیں۔ ٹاپ-10 گیندبازوں میں کلدیپ واحد ہندوستانی ہیں۔ سری لنکا کے مہیش تیکشنا 589 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ افغانستان کے اسپن گیندباز راشد خان 658 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔