روہت شرما نے ریٹائرمنٹ کی افواہوں پر توڑی خاموشی، کہا- ’کہیں نہیں جا رہا ہوں‘

روہت شرما نے ریٹائرمنٹ کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ کہیں نہیں جا رہے ہیں۔ نیز، سڈنی ٹیسٹ سے خود کو الگ کرنے کا فیصلہ ناقص فارم کی وجہ سے تھا تاکہ ’ان فارم‘ کھلاڑی کھیل سکیں

<div class="paragraphs"><p>روہت شرما / Getty Images</p></div>

روہت شرما / Getty Images

user

قومی آواز بیورو

روہت شرما نے ریٹائرمنٹ کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ وہ فی الحال کرکٹ سے کنارہ کشی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔ انہوں نے سڈنی ٹیسٹ سے باہر بیٹھنے کے فیصلے کی وجہ اپنی خراب فارم کو قرار دیا۔ اسٹار اسپورٹس پر گفتگو کرتے ہوئے روہت نے کہا کہ یہ فیصلہ انہوں نے خود کیا تاکہ ’اِن فارم‘ کھلاڑی ٹیم میں کھیل سکیں۔ ان کا کہنا تھا، ’’میں کہیں نہیں جا رہا ہوں۔ میں سخت محنت کر رہا ہوں اور جلد کم بیک کروں گا۔ ابھی رنز نہیں بن رہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ آئندہ بھی نہیں بنیں گے۔‘‘

روہت نے مزید کہا کہ ریٹائرمنٹ یا فارمیٹ سے کنارہ کشی کا ان کا کوئی ارادہ نہیں۔ ’’باہر بیٹھے لوگ مائیک یا لیپ ٹاپ کے ساتھ کچھ بھی کہیں، اس سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ فیصلے میں خود کرتا ہوں اور میں جانتا ہوں کہ مجھے کیا کرنا ہے۔‘‘ انہوں نے واضح کیا کہ سڈنی میں آ کر ہی کوچ اور چیف سلیکٹر کو اس فیصلے سے آگاہ کیا۔


روہت نے بتایا کہ انہوں نے چیف سلیکٹر اجیت اگرکر اور ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر سے بات کی تھی اور انہیں آگاہ کیا کہ ٹیم کے بہترین مفاد میں فارم میں موجود کھلاڑیوں کو کھیلنے دینا زیادہ مناسب ہے۔ اس مشکل فیصلے کا مقصد ٹیم کو فائدہ پہنچانا تھا۔

ریٹائرمنٹ سے متعلق اپنے منصوبوں پر روہت نے کہا، ’’میں زیادہ آگے کی نہیں سوچتا۔ جو لوگ باہر بیٹھ کر رائے دیتے ہیں، وہ یہ طے نہیں کر سکتے کہ مجھے کب ریٹائر ہونا چاہیے۔ میں جانتا ہوں کہ میرے لیے بہتر کیا ہے۔‘‘

روہت نے اپنے خاندانی زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ’’میں دو بچوں کا باپ ہوں اور جانتا ہوں کہ کب کیا فیصلہ لینا ہے۔‘‘ انہوں نے 2007 میں ڈیبیو کے بعد سے اپنے کھیل کو بہتر بنانے اور اپنے آپ کو جیتنے کی سوچ کو اپنایا ہے۔

سابق کرکٹر سریش رینا نے روہت شرما کی تعریف کی اور کہا کہ وہ اپنی قیادت میں ایمانداری اور بے غرضی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ رینا نے کہا کہ روہت نے ٹیم کی کامیابی کو ذاتی چیلنجز پر ترجیح دی ہے، جو ان کی عظمت کو ظاہر کرتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔