’جو قسمت میں لکھا ہے اسے کوئی نہیں چھین سکتا‘، ٹی-20 ورلڈ کپ ٹیم سے باہر ہونے پر شبھمن گل کا پہلا ردعمل

شبھمن گل نے کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ میری زندگی میں مجھے جہاں ہونا چاہیے میں وہیں پر ہوں۔ جو بھی میری قسمت میں لکھا ہے، مجھے لگتا ہے کہ وہ چیز مجھ سے چھینی نہیں جا سکتی۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>پریس کانفرنس کے دوران ہندوستانی ٹیم کے کپتان شبھمن گل، (ویڈیو گریب)</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

آئندہ ماہ 7 فروری سے ٹی-20 ورلڈ کپ شروع ہونے جا رہا ہے، جس کے لیے ہندوستانی ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ اس ٹیم میں ٹیسٹ اور ونڈے کے کپتان شبھمن گل کو جگہ نہیں مل پائی ہے۔ اسکواڈ میں منتخب نہ کیے جانے پر پہلی بار گِل کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ 11 جنوری سے ہندوستان بمقابلہ نیوزی لینڈ وَنڈے سیریز شروع ہونے سے قبل انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ ’’میں سلیکٹرز کے فیصلے کی عزت کرتا ہوں۔‘‘ واضح رہے کہ  ٹیم سے ڈراپ ہونے سے قبل شبھمن گل ٹی-20 ٹیم کے نائب کپتان تھے، لیکن اب یہ ذمہ داری پھر سے آل راؤنڈر اکشر پٹیل کو دے دی گئی ہے۔

ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ونڈے سے قبل شبھمن گل نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ میری زندگی میں مجھے جہاں ہونا چاہیے میں وہیں پر ہوں۔ جو بھی میری قسمت میں لکھا ہے، مجھے لگتا ہے کہ وہ چیز مجھ سے چھینی نہیں جا سکتی۔ ایک کھلاڑی کے طور پر آپ کو یقین ہوتا ہے کہ آپ اچھا کھیل کر اپنی ٹیم اور ملک کو جیت دلائیں گے۔‘‘ شبھمن گل نے مزید کہا کہ ’’میں سلیکٹرز کے فیصلے کی عزت کرتا ہوں۔ ان کا فیصلہ مجھے قبول ہے۔ میں ٹی-20 ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ مجھے یقین ہے وہ ہمارے لیے ورلڈ کپ جیت کر لائیں گے۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ شبھمن گل آخری بار جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی-20 سیریز میں کھیلی تھی۔ اس سیریز کی 3 اننگز میں شبھمن گل نے صرف 32 رن بنائے اور ایک بار بغیر کھاتہ کھولے ہی آؤٹ ہو گئے تھے۔ ان کی جگہ پانچویں ٹی-20 میچ میں سنجو سیمسن کھیلے تھے۔ سیمسن نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 22 گیندوں میں 37 رن کی شاندار اننگ کھیلی تھی۔ امید ہے کہ سنجو سیمسن ہی ٹی-20 ورلڈ کپ میں ابھیشیک شرما کے ساتھ ہندوستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے نظر آ سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔