نیوزی لینڈ نے آئی سی سی عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ اپنے نام کی، انڈیا کو 8 وکٹ سے شکست

میچ کے چھٹے اور آخری دن نیوزی لینڈ نے ٹیم انڈیا کو دوسری اننگ میں 170 رن پر سمیٹ دیا جس سے اسے 139 رن کا ہدف حاصل ہوا اور اس ہدف کو اس نے 45.5 اوور میں 2 وکٹ کے نقصان پر حاص کر لیا

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

یو این آئی

ساؤتھمپٹن: تیز گیند باز ٹِم ساوٌتھی کی قیادت میں گیند بازوں کی لاجواب کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو آئی سی سی عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے چھٹے اور آخری دن بدھ کے روز دوسری اننگ میں 170 رن پر سمیٹ دیا جس سے اسے عالمی ٹیسٹ چیمپئن بننے کے لیے 139 رن کا ہدف ملا اور اس ہدف کو اس نے 45.5 اوور میں دو وکٹ کے نقصان پر 140 رن بنا کر حاص کر لیا۔ اس طرح نیوزی لینڈ نے پہلا آئی سی سی عالمی ٹیسٹ چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

کین ولیمسن نے اس فتح کے ساتھ وراٹ کوہلی کا پہلا آئی سی سی خطاب جیتنے کا خواب چکنا چور کر دیا۔ وراٹ کو 2019 میں انگلینڈ میں ہوئے عالمی کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ہندوستان کا 2013 میں آئی سی سی چیمپئنس ٹرافی جیتنے کے بعد اگلا آئی سی سی خطاب جیتنے کا انتظار مسلسل دراز ہوتا جا رہا ہے۔


اس فائنل میں ایک اضافی دن چھٹے اور ریزرو دن کے طور پر جوڑا گیا تھا۔ میچ میں پہلے اور چوتھے دن کا کھیل پوری طرح بارش کی نذر ہو گیا تھا اور باقی تین دن بھی بارش مخل ہوئی لیکن میچ کے چھٹے اور ریزرو دن موسم مکمل صاف رہا اور نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو دوسری پاری میں 170 رن پر نمٹا کر خطاب اپنے نام کر لیا۔

ہدف کا تعاقب کرنے اترے نیوزی لینڈ کو آف اسپنر روی چندرن اشون نے پہلی دو کامیابیاں حاصل کرکے دو شروعاتی جھٹکے دیے لیکن کپتان ولیمسن نے راس ٹیلر کے ساتھ 96 رن کی بہترین شراکت داری کرکے پہلا عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ خطاب نیوزی لینڈ کی جھولی میں ڈال دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔