کین ولیمسن بنے پانچویں سب سے تیز 5000 رن بنانے والے بلے باز

کین ولیمسن نے 5000 رن بنانے میں125 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی119 اننگوں میں بلے بازی کی اور اس قسم کے کرکٹ میں اننگوں کے حساب سے پانچویں سب سے جلدی ایسا کرنے والے بلے بازبنے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

سید پرویز قیصر

انگلینڈ کے خلاف ولنگٹن میں کھیلے گئے پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے آوٹ ہوئے بغیر112 رن کی اننگ کے دوران اپنے5000 رن مکمل کئے۔ وہ ایسا کرنے والے نیوزی لینڈ کے چھٹے اور کل ملاکر83 ویں کھلاڑی بنے۔

دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے کین ولیمسن نے 5000 رن بنانے میں125 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی119 اننگوں میں بلے بازی کی اور اس قسم کے کرکٹ میں اننگوں کے حساب سے پانچویں سب سے جلدی ایسا کرنے والے بلے بازبنے۔

ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے کم اننگوں میں 5000 رن بنانے والے بلے باز جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ ہیں جنہوں نے اپنے104 ویں ایک روزہ بین الاقوامی میچ کی101 ویں اننگ میں ایسا کیا تھا۔ویسٹ انڈیز کے ووین رچرڈز نے ایسا اپنے 126ایک روزہ بین الاقوامی میچ کی114 ویں اننگ میں کیا تھا اور وہ مشترکہ طور پر دوسرے سب سے جلدی5000 رن بنانے والے بلے باز ہیں۔ ہندوستان کے وراٹ کوہلی نے بھی اپنی114 ویں اننگ میں ایسا کیا تھا۔ انہوں نے120 ویں ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں اپنے پانچ ہزار رن مکمل کئے تھے۔

ویسٹ انڈیز کے براین لارا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں چوتھے سب سے جلدی پانچ ہزار رن بنانے والے بلے باز ہیں۔ انہوں نے اپنے 120 ویں ایک روزہ بین الاقوامی میچ کی 118 ویں اننگ میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔

نیوزی لینڈ کے لئے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی اسٹیفن فلیمنگ ہیں جنہوں نے1994 اور2007کے درمیان280 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی269 اننگوں میں32.40 کی اوسط اور71.49 کے اسڑائیک ریٹ کے ساتھ آٹھ سنچریوں اور49 نصف سنچریوں کی مدد سے8037 رن بنائے ہیں۔

ناتھن اسٹیل ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں نیوزی لینڈ کے لئے دوسرے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے1995 اور 2007کے درمیان جو 223 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی 217 اننگوں میں34.92کی اوسط اور72.64 کے اسڑائیک ریٹ کے ساتھ16 سنچریوں اور41 نصف سنچریوں کی مدد سے7090 رن بنائے ہیں۔

اس فہرست میں تیسرا مقام راس ٹیلر کا ہے۔ انہوں نے 2006 سے اب تک جو 203ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی 189 اننگوں میں45.13کی اوسط اور82.18کے اسڑائیک ریٹ کے ساتھ18سنچریوں اور41 نصف سنچریوں کی مدد سے7086 رن بنائے ہیں۔

برینڈن میکولم نے260 ایک روزہ میچوں میں6083رن اور مارٹن گپٹل نے157 ایک روزہ میچوں میں5929رن بنائے ہیں۔کین ولیمسن نے ابھی تک 125 ایک روزہ میچوں میں5066رن بنائے میں کامیاب رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔