ممبئی کے عظیم اسپنر پدماکر شیوالکر کا انتقال، گواسکر نے لکھا جذباتی پیغام
پدماکر شیوالکر نے 1961 سے 1988 کے درمیان 124 فرسٹ کلاس میچوں میں حصہ لیا۔ انہوں نے 19٫89 کی اوسط سے 589 وکٹ لیے۔ گواسکر نے کہا "کچھ دیگر کے مقابلے ہندوستانی ٹیم میں کھیلنے کے زیادہ حقدار تھے۔"

پدماکر شیوالکر / تصویر سوشل میڈیا
ممبئی کے عظیم اسپنر پدماکر شیوالکر کا پیر کو انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 84 سال تھی۔ وہ طویل عرصے سے عمر سے متعلق مسائل سے دوچار تھے۔ پدماکر ہندوستان کے لیے کبھی نہیں کھیل پانے والے بہترین اسپنروں میں سے ایک تھے۔ انہوں نے 62-1961 سے 88-1987 کے درمیان کُل 124 فرسٹ کلاس میچوں میں حصہ لیا اور 19.89 کی اوسط سے 589 وکٹ لیے۔ اس کے علاوہ لسٹ اے کرکٹ میں ان کو 16 وکٹ ملے۔ اس طرح 600 سے زیادہ وکٹ لینے کے باوجود انہیں ہندوستانی ٹیم سے کھیلنے کا کبھی موقع نہیں ملا۔
سنیل گواسکر نے پیر کو ممبئی اور گھریلو کرکٹ کے قد آور کھلاڑی پدماکر شیوالکر کو جذباتی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا، "کچھ دیگر کھلاڑیوں کے مقابلے میں ہندوستانی ٹیم میں کھیلنے کے زیادہ حقدار تھے۔"
شیوالکر ملک کے بہترین اسپنروں میں سے ایک تھے لیکن انہیں کبھی قومی ٹیم کے لیے کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔ گواسکر نے شیوالکر کے انتقال پر ایک جذباتی پیغام لکھا اور کہا، "یہ واقعی غمزدہ کرنے والی خبر ہے۔ کچھ ہی وقت میں ممبئی کرکٹ نے اپنے دو قدآور کھلاڑیوں ملند اور پدماکر کو کھو دیا۔ یہ دونوں اپنی ٹیم کی کئی فتح کے گواہ تھے۔
بائیں ہاتھ سے اسپن کرنے والے پدماکر نے 22 سال کی عمر میں رنجی ٹرافی میں ڈیبیو کیا اور 48 سال کی عمر تک کھیلنا جاری رکھا۔ انہوں نے ہندوستان کے اہم گھریلو مقابلوں میں 589 وکٹ لیے، جس میں 13 مرتبہ میچ میں 10 وکٹ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شیوالکر نے 12 لسٹ اے میچوں میں 16 وکٹ جھٹکے۔
ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے 2017 میں پدماکر شیوالکر کو سی۔ کے۔ نائیڈو 'لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ' سے نوازا تھا۔ ممبئی کرکٹ ایسو سی ایشن (ایم سی اے) کے چیئرمین اجنکیہ نائک نے کہا، "ممبئی کرکٹ نے آج ایک سچے قدآور کھلاڑی کو کھو دیا ہے۔ شیوالکر کا کھیل میں تعاون، خاص کر اب تک کے سب سے بہترین اسپنروں میں سے ایک کے طور پر ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔