ممبئی: انجمن اسلام میں اسکولی بچوں کے لیے کرکٹ کوچنگ کا آغاز جلد، وسیم جعفر کے ہاتھوں کرکٹ ٹرف کا افتتاح

سابق ہندوستانی کرکٹر وسیم جعفر نے انجمن اسلام سے تعلیم حاصل کی ہے، انہوں نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی زندگی میں انجمن اسلام کے طلبہ کو نیشنل ٹیم کے لیے کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر محی الدین التمش</p></div>

تصویر محی الدین التمش

user

محی الدین التمش

ممبئی: ممبئی کا معروف تعلیمی ادارہ انجمن اسلام کرکٹ کے میدان میں اپنی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے لئے کوشاں ہوگیا ہے۔ انجمن اسلام نے ممبئی سی ایس ٹی کیمپس کے احاطے میں پانچ کرکٹ ٹرف بنانے اور اسکولی طلبہ کو کرکٹ کے گر سیکھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں سابق انڈین کرکٹر کھلاڑی اور بنگلہ دیش نیشنل ٹیم کے کوچ  وسیم جعفر کے ہاتھوں انجمن اسلام وی ٹی کے احاطے میں کرکٹ ٹرف کے لئے پچ کا افتتاح عمل میں آیا۔

ممبئی: انجمن اسلام میں اسکولی بچوں کے لیے کرکٹ کوچنگ کا آغاز جلد، وسیم جعفر کے ہاتھوں کرکٹ ٹرف کا افتتاح

اس موقع پر ممبئی سے تعلق رکھنے والے معروف کرکٹرس بھی موجود تھے، جنہوں نے رنجی اور دیگر کرکٹ مقابلوں میں اہم کارکردگیاں انجام دی ہیں۔ ان میں ذوالفقار پرکار، سلیم کمال الدین، مختار ابجی،اقبال ٹھاکر، وحید شیخ، غلام اور وصال بیگ شامل تھے، معروف کرکٹ کھلاڑی وسیم جعفر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جذباتی انداز میں کہا کہ انجمن اسلام سے ان کی یادیں وابستہ ہیں۔ ان کی زندگی میں انجمن اسلام نہیں ہوتا تو وہ شاید اتنے اچھے کرکٹر نہیں بن پاتے۔ وسیم جعفر نے کہا کہ انہوں نے باندرہ انجمن سے وی ٹی انجمن میں کرکٹ کے لئے داخلہ لیا تھا۔


وسیم جعفر نے اپنے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ساتویں جماعت میں ان کے بڑے بھائی نے کرکٹ سیکھانے کی غرض سے انہیں ’آچریکر‘ کے پاس لے گئے جو سچن تنڈولکر کے گرو تھے۔ انہوں نے صلاح دی کہ میرا داخلہ انجمن وی ٹی کروا دیں۔ وسیم نے کہا کہ اسکول کے زمانے میں انہوں نے انجمن اسلام میں تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ کرکٹ بھی سیکھی۔ اسی کرکٹ پچ پر ان کے استادوں نے انہیں کرکٹ کی باریکیوں سے واقف کروایا۔ وسیم نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ان کی حیات میں انجمن اسلام سے کم از کم ایک نیشنل کھلاڑی انڈیا کی نیشنل ٹیم کے لئے کھلے۔

صدر انجمن اسلام ڈاکٹر ظہیر قاضی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک دور ایسا بھی تھا جب بچے کرکٹ کے لئے انجمن اسلام میں داخلہ لیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انجمن اسی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے لئے انجمن اسلام سے جتنا ہوگا کیا جائے گا۔ اس کے لئے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انجمن اسلام لڑکیوں کی کرکٹ ٹیم بنانے اور انہیں ٹریننگ دینے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔ پروگرام میں دیگر کھلاڑیوں نے بھی نوجوانوں سے آئی پی ایل میں قسمت آزمانے کی بات کہی۔


یاد رہے کہ پچیس تیس سال قبل انجمن وی ٹی کے احاطے میں بچوں کو نیٹ پریکٹس کروائی جاتی تھی۔ لیکن دیگر بچوں اور ان کے والدین کو گیند لگنے کے خوف سے اسے بند کر دیا گیا تھا۔ اس کی بجائے آزاد میدان میں پریکٹیس کروائی جا رہی تھی لیکن آزاد میدان میں خاطرخواہ نتائج برآمد نہ ہونے کی وجہ سے انجمن کے کرکٹ ٹرف کو دوبارہ بحال کیا جا رہا ہے۔

اس معاملے پرمزید روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر ظہیر قاضی نے کہا کہ انجمن کے احاطے میں جدید تکنیک سے آراستہ ایسی پورٹیبل ٹرف کا انتظام کیا جائے گا جس سے اطراف کی چاروں سمت محفوظ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ انجمن اسلام نے ملک غلام پرکار اور وسیم جعفر جیسے کھلاڑی انڈین ٹیم کو دیئے ہیں۔ ہمارے بچے کرکٹ کے دیگر نیشنل لیول کے مقابلوں میں شرکت کر رہے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ انجمن ٹرف کی بحالی کے بعد نئے بچوں کو سیکھنے کا موقع ملے گا اور وہ ملک کا نام روشن کریں گے۔


ڈاکٹر ظہیر قاضی نے کہا کہ انجمن اسلام ضرورت مند بچوں کو نہ صرف کرکٹ ٹریننگ فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے بلکہ ان کی ہر قسم کی مدد کے ساتھ انہیں بہترین ڈائیٹ کی فراہمی کا بھی انتظام کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ واضح رہے کہ انجمن کرکٹ اکیڈمی کے ذریعے تجربہ کار کرکٹ کوچ کی نگرانی میں اسکولی بچوں کو کرکٹ ٹریننگ دی جائے گی۔ اس کام کو انجام دینے کے لئے انجمن نے تجربہ کار کھلاڑیوں کو بطور کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔